وفاقی حکومت نے حالیہ تباہ کن سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے فی کس مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس بات کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وزیرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ ایسی املاک یا تعمیرات جنہیں قانونی اجازت کے بغیر آبی گزرگاہوں پر تعمیر کیا گیا، ان کے گرنے پر کسی قسم کا معاوضہ ادا نہیں کیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ "آئندہ آبی گزرگاہوں میں کسی بھی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جامع سروے جاری ہے، جس میں گھروں، فصلوں اور مال مویشیوں کو ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے تاکہ متاثرین کو مناسب امداد فراہم کی جا سکے۔
اگر ڈیم بناتے تو سیلاب سے بچ جاتے، سستی بجلی بھی میسر ہوتی: گورنر پنجاب
عطا تارڑ نے حالیہ موسمی صورت حال کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ "اس بار بارش کے 3 سے 4 سسٹم ایک ساتھ آئے، جس کے نتیجے میں ملک کے 3 بڑے دریا طغیانی کی لپیٹ میں آ گئے۔”
انہوں نے بتایا کہ اب تک دو لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، جس میں پاک فوج اور سول انتظامیہ نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں انجام دیں، جس کے باعث کئی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔