کراچی (6 اگست 2025): اگر آپ سندھ میں گاڑی یا موٹر سائیکل خریدنے یا بیچنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اب یہ عمل پہلے سے کہیں زیادہ شفاف اور منظم ہو چکا ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے ملکیت کی منتقلی کے لیے نیا مرحلہ وار نظام جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد جعلسازی کی روک تھام اور قانونی پیچیدگیوں سے بچاؤ ہے۔
نئے طریقہ کار کی اہم خصوصیات:
اب گاڑی یا موٹر سائیکل کی ملکیت منتقل کرانے کے لیے بایومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے، جو نادرا یا قریبی ای سہولت مراکز پر مکمل کی جاتی ہے۔ خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی شناخت کی تصدیق کے بعد ہی منتقلی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ملکیت کی منتقلی کا مکمل مرحلہ وار طریقہ کار:
بایومیٹرک تصدیق:
خریدار اور بیچنے والا نادرا یا ای سہولت مرکز جا کر اپنی شناخت کی تصدیق کروائیں۔
فروخت کا معاہدہ:
اسٹامپ پیپر پر تحریری معاہدہ تیار کریں جس پر دونوں فریق دستخط کریں۔
درخواست کا اندراج:
سوک سینٹر کراچی یا متعلقہ ایکسائز آفس کا دورہ کریں، ٹوکن حاصل کریں اور درخواست فارم جمع کروائیں۔
ضروری دستاویزات جمع کروانا:
مکمل شدہ فارم کے ساتھ تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کروائیں۔
فیس اور ٹیکس کی ادائیگی:
مقررہ فیس اور ٹوکن ٹیکس آن لائن یا ایکسائز دفتر میں ادا کریں۔
رسید کا حصول اور تصدیق:
تمام دستاویزات کی جانچ کے بعد باقاعدہ رسید جاری کی جائے گی۔
اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ کا اجراء:
تصدیق کے بعد 5 سے 15 ورکنگ دنوں میں نیا رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کر دیا جائے گا۔
بیچنے والے کے لیے درکار دستاویزات:
- اصل رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ
- قومی شناختی کارڈ کی کاپی
- دستخط شدہ درخواست فارم
- فروخت کا معاہدہ
- کلیئرنس سرٹیفکیٹ
- پاسپورٹ سائز تصویر
خریدار کے لیے درکار دستاویزات:
- CNIC کی کاپی
- پاسپورٹ سائز تصویر
- ویلیڈ وہیکل ٹیکس سرٹیفکیٹ
- رہائش کا ثبوت (یوٹیلیٹی بل یا کرایہ نامہ)
- گاڑی کا معائنہ سرٹیفکیٹ
شہریوں کے لیے ہدایت:
محکمہ ایکسائز نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی سے قبل تمام ضروری دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا قانونی دقت سے بچا جا سکے۔ اس عمل کا مقصد شفافیت اور عوامی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔