بھارت سے تعلق رکھنے والی پرنجال پانڈے نے وزن کم کرنے کے سفر میں وہ کر دکھایا جو بہت سے لوگ صرف خوابوں میں سوچتے ہیں۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ انہوں نے نہ تو کوئی سخت ڈائیٹ کی اور نہ ہی جم میں گھنٹوں پسینہ بہایا، پھر بھی انہوں نے 154 کلوگرام سے اپنا وزن کم کر کے محض 65 کلوگرام تک پہنچا لیا، یعنی مجموعی طور پر 89 کلوگرام وزن کم کر کے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔
پرنجال کا کہنا ہے کہ ان کی اس کامیابی کا راز کسی جادوئی نسخے یا مہنگی فٹنس ٹریننگ میں نہیں بلکہ چند سادہ، مستقل اور پائیدار طرزِ زندگی کی تبدیلیوں میں چھپا ہے۔
انہوں نے اپنی روزمرہ زندگی میں پانچ بنیادی اصول اپنائے جو ان کی صحت مندی اور فٹنس کا ذریعہ بنے:
1. متوازن غذا پر توجہ:
پرنجال نے خوراک کی مقدار کم کرنے کے بجائے اس کے معیار کو بہتر بنایا، انہوں نے اپنی غذا میں زیادہ پروٹین اور فائبر شامل کیے، جیسے انڈے، دالیں، سبزیاں اور پنیر، یہ اشیاء نہ صرف جسم کو توانائی فراہم کرتی ہیں بلکہ زیادہ دیر تک پیٹ بھرے ہونے کا احساس بھی دیتی ہیں۔
2. نرم لیکن مؤثر جسمانی سرگرمیاں:
انہوں نے سخت ورزشوں کے بجائے وزن اٹھانے کی ہلکی مشقیں اپنائیں، جن سے ان کا میٹابولزم بہتر ہوا اور عضلات کو مضبوطی ملی، اس طرح جسمانی تبدیلی آئی بغیر جسم کو زیادہ تھکائے۔
3. صحت مند عادات اپنانا:
روزمرہ کی عام عادات جیسے وقت پر سونا، مناسب پانی پینا اور دن بھر میں ہلکی پھلکی جسمانی حرکت نے ان کے وزن میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
4. ذہنی سکون اور جرنلنگ:
پرنجال نے اپنے وزن کم کرنے کے سفر کو باقاعدہ لکھنا شروع کیا، اس جرنلنگ کی عادت نے انہیں نہ صرف خود کو منظم رکھنے میں مدد دی بلکہ ان کی ذہنی صحت بھی بہتر ہوئی۔
5. پائیدار طرزِ زندگی:
سب سے اہم بات، پرنجال نے کوئی کریش ڈائیٹ یا وقتی حل نہیں اپنایا، انہوں نے وہ عادات چنی جو وہ لمبے عرصے تک جاری رکھ سکیں اور یہی پائیداری ان کی کامیابی کی اصل بنیاد بنی۔
پرنجال پانڈے کی یہ کہانی ان تمام افراد کے لیے مشعلِ راہ ہے جو وزن کم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں مگر سخت ڈائیٹس یا تھکا دینے والی ورزشوں سے پریشان ہیں، سادہ، مستقل، اور پرعزم رویہ آپ کو بھی حیران کن نتائج دے سکتا ہے۔