آج کل مہنگائی نے سب کی جیبیں خالی کر رکھی ہیں اور آمدنی کے مطابق خرچ پورا کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ خاص طور پر اگر آپ نجی ادارے میں کام کرتے ہیں اور آپ کی تنخواہ میں اضافہ نہیں ہو رہا تو یہ مسئلہ آپ کے لیے مزید پریشانی کا باعث بنتا ہے۔
نجی اداروں میں تنخواہ بڑھنے کا دارومدار صرف باس کی مرضی پر نہیں بلکہ آپ کی ذاتی محنت اور کارکردگی پر بھی ہوتا ہے۔ کئی لوگ تنخواہ نہ بڑھنے کی وجہ سے مایوس ہو کر نوکری چھوڑنے کا سوچتے ہیں، مگر آج کل نوکری تلاش کرنا اتنا آسان بھی نہیں۔ اس لیے اگر آپ کی تنخواہ نہیں بڑھ رہی تو نوکری چھوڑنے سے پہلے یہ چند طریقے ضرور آزمائیں:
باس سے کھل کر بات کریں
اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی تنخواہ آپ کی محنت کے مطابق نہیں ہے تو اپنے ساتھیوں سے شکایت کرنے کے بجائے براہِ راست اپنے باس سے بات کریں۔ اپنی خدمات اور کام کے نتائج پر روشنی ڈال کر انہیں قائل کرنے کی کوشش کریں کہ آپ کی تنخواہ میں اضافہ ہونا چاہیے۔
بات چیت میں پروفیشنل انداز اختیار کریں، جذباتی ہونے سے گریز کریں اور اگر باس فوراً کوئی فیصلہ نہ دے تو پوچھیں کہ کب دوبارہ اس موضوع پر بات کی جا سکتی ہے۔
اپنی صلاحیتیں بڑھائیں
اگر آپ کی تنخواہ نہیں بڑھ رہی تو یہ بھی دیکھیں کہ کہیں آپ کی کارکردگی میں کمی تو نہیں آ رہی۔ اپنی مہارتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کریں، نئے کام سیکھیں، اور ادارے میں اپنی قدر بڑھائیں۔
ادارہ ایسے ملازمین کو نہیں کھونا چاہتا جو محنتی اور کارآمد ہوں، اس لیے اپنی جگہ مضبوط کریں۔
نئی ملازمت تلاش کریں
اگر آپ کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں مگر پھر بھی تنخواہ نہیں بڑھ رہی، تو نئے مواقع کی تلاش کریں۔ نئی ملازمت بہتر تنخواہ اور ترقی کے مواقع دے سکتی ہے، اور آپ کی قابلیت کو نکھارنے میں مدد دے گی۔
تاہم نوکری تبدیل کرتے وقت جلد بازی نہ کریں، بلکہ اپنی مہارت، تجربے اور مارکیٹ ویلیو کو اچھی طرح جانچیں تاکہ نیا ادارہ آپ کے لیے موزوں ہو۔
اضافی آمدنی کے ذرائع تلاش کریں
اگر نہ تنخواہ بڑھ رہی ہے اور نہ ہی اچھی نئی نوکری مل رہی ہے تو اضافی آمدنی کے مواقع تلاش کریں۔ فری لانسنگ، پارٹ ٹائم پراجیکٹس، یا آن لائن بزنس جیسے راستے آزما سکتے ہیں۔
بس اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا اضافی کام آپ کے موجودہ ادارے کی پالیسی کے خلاف نہ ہو۔