اگر آپ ایکس (ٹوئٹر) استعمال کرتے ہوئے وی پی این سے منسلک ہوتے ہیں تو اب یہ بات دیگر صارفین سے چھپی نہیں رہے گی۔ ایکس نے ایسا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت صارفین کی پروفائل پر یہ وارننگ ظاہر ہوگی کہ وہ وی پی این یا پراکسی کے ذریعے پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔
پراڈکٹ ہیڈ Nikita Bier کے مطابق یہ اپ ڈیٹ جعلی اکاؤنٹس اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ کچھ عرصہ قبل انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ایکس صارفین کے بارے میں زیادہ معلومات ظاہر کرے گا، جیسے وہ کس ملک سے ہیں اور آیا وہ وی پی این استعمال کر رہے ہیں یا نہیں۔
یہ سسٹم 21 نومبر سے مرحلہ وار شروع ہوا اور اب اسے عالمی سطح پر مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ نئے فیچر کے تحت اگر کوئی صارف وی پی این کے ذریعے اپنا لوکیشن ڈیٹا بدلتا ہے تو ایکس پروفائل پر وارننگ شامل ہو جائے گی کہ اکاؤنٹ کا دعویٰ کردہ علاقہ ممکنہ طور پر درست نہیں۔
Nikita Bier کا کہنا ہے کہ صارفین ایک پرائیویسی آپشن بھی استعمال کر سکتے ہیں جس کے تحت صرف ان کا خطہ ظاہر ہوگا، مگر یہ سہولت خاص طور پر ان ممالک کے صارفین کیلئے ہے جہاں اظہارِ رائے پر قدغن ہے یا پلیٹ فارم تک رسائی محدود ہے۔
