عموماً موبائل فون خریدتے وقت لوگ ایسے ماڈل کی تلاش میں ہوتے ہیں جو بجٹ میں ہوں اور زیادہ سہولیات فراہم کریں، لیکن دنیا میں ایک ایسی بھی کلاس ہے جو قیمت کو معیار کی علامت سمجھتی ہے – ان کے لیے مہنگا ہونا ہی موبائل کی وقعت بڑھا دیتا ہے۔
عربی میگزین الرجل کی ایک خصوصی رپورٹ میں ایسے پرتعیش موبائل فونز کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جنہیں سونے اور ہیروں سے مزین کیا گیا ہے۔ ان فونز کی قیمتیں کروڑوں ڈالرز میں ہیں اور یہ دنیا کے چند انتہائی امیر افراد کے زیرِ استعمال ہیں۔
1. فالکن سپر نووا آئی فون 6 پنک ڈائمنڈ ایڈیشن
قیمت: 4 کروڑ 85 لاکھ ڈالر (تقریباً 1350 کروڑ پاکستانی روپے)
یہ نہ صرف دنیا کا سب سے مہنگا موبائل فون ہے بلکہ ایک فن پارہ بھی ہے۔ مکمل طور پر 24 قیراط سونے سے تیار کردہ اس آئی فون کی پشت پر گلابی رنگ کا بڑا سا ہیرا نصب ہے۔
یہ ایپل کی جانب سے 2004 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس میں اینٹی-انٹروژن ٹیکنالوجی موجود ہے، جس کی بدولت اس کے ڈیٹا تک رسائی ممکن نہیں۔
دنیا میں یہ موبائل چند گنے چنے افراد کے پاس ہے، جن میں ایک معروف بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا امبانی شامل ہیں۔
2. سٹوارٹ ہیوز iPhone 4s ایلیٹ گولڈ ایڈیشن
قیمت: 1 کروڑ ڈالر (تقریباً 280 کروڑ پاکستانی روپے)
یہ بھی ایپل کا تیار کردہ فون ہے جسے معروف برطانوی ڈیزائنر سٹوارٹ ہیوز نے ڈیزائن کیا ہے۔
فون کی باڈی خالص سونے سے بنی ہے، اس میں 53 قیمتی ہیرے جڑے ہیں، جبکہ ہوم بٹن 8.6 قیراط کے سنگل کٹ ہیرا سے تیار کیا گیا ہے۔
اس فون کے خریدار کو 7 قیراط کا ایک اضافی ہیرا بھی دیا جاتا ہے۔
اس فون کی پیکنگ بھی منفرد ہے کیونکہ اس کا ڈبہ ڈائنوسار کی پالش شدہ ہڈیوں سے بنایا گیا ہے۔