وائی فائی 8: وائرلیس انٹرنیٹ کی نئی نسل کی تیاری میں بڑی پیشرفت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اگرچہ وائی فائی 7 ابھی مکمل طور پر مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوا، مگر وائرلیس ٹیکنالوجی کی دنیا میں اگلی نسل یعنی وائی فائی 8 پر کام تیزی سے جاری ہے۔ معروف نیٹ ورکنگ کمپنی ٹی پی لنک نے اعلان کیا ہے کہ اس نے وائی فائی 8 ہارڈویئر کے ابتدائی نمونے (پروٹوٹائپ) کی کامیاب جانچ مکمل کر لی ہے، جو اس نئے اسٹینڈرڈ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

latest urdu news

کمپنی کی جانب سے آزمائشی نتائج کی مکمل تفصیلات تو شیئر نہیں کی گئیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ 802.11bn کے اس پروٹوٹائپ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل کے وائی فائی ڈیوائسز کی کارکردگی کس حد تک بہتر ہو سکتی ہے۔ اس پروجیکٹ کو انڈسٹری کے مختلف شراکت داروں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، اور ممکن ہے کہ صارفین کو وائی فائی 8 کی سرکاری منظوری سے قبل ہی متعلقہ ڈیوائسز دستیاب ہو جائیں۔

وائی فائی 8 کو انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجینئرز (IEEE) کی جانب سے 2028 تک باقاعدہ اسٹینڈرڈ کے طور پر منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے جولائی 2025 میں کوالکوم نے ایک بلاگ پوسٹ میں وضاحت کی تھی کہ وائی فائی 8 کا بنیادی مقصد صرف تیز رفتار بینڈوڈتھ نہیں بلکہ مستحکم اور قابلِ اعتماد کنکشن کو یقینی بنانا ہے، تاکہ ہر قسم کی ڈیوائس بہتر انداز میں آن لائن رہ سکے۔

وائی فائی 8 میں بھی وائی فائی 7 کی طرح 2.4GHz، 5GHz اور 6GHz فریکوئنسی بینڈز کا استعمال جاری رہے گا، اور یہ 23 جی بی پی ایس تک کی ڈیٹا اسپیڈ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ تاہم، اس کا اصل ہدف "حقیقی دنیا” کے استعمال میں وائی فائی کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، خاص طور پر کم سگنل والے علاقوں میں بھی بہتر سروس مہیا کرنا۔

نئے اسٹینڈرڈ کے ذریعے ایک ہی وقت میں زیادہ ڈیوائسز کو بہتر کارکردگی کے ساتھ کنیکٹ کرنا ممکن ہوگا، جس سے گیمنگ، ویڈیو اسٹریمنگ اور دیگر آن لائن سرگرمیوں کا معیار بہتر ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی انٹرنیٹ رکنے یا فریز ہونے کے امکانات بھی کم ہو جائیں گے، جو کہ آج کے تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں ایک بڑی ضرورت ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter