بیوہ خاتون نے شوہر کی ٹیٹو والی کھال فریم کر کے یادگار بنالی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکا میں ایک بیوہ خاتون نے اپنے مرحوم شوہر کی یاد میں انتہائی غیرمعمولی قدم اٹھاتے ہوئے ان کے جسم سے ٹیٹو والی کھال کو کاٹ کر فریم کروایا اور اپنے گھر کی دیوار پر سجا دیا۔

امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا سے تعلق رکھنے والی اینجیلیکا ریڈیوسکی کے مطابق ان کے 55 سالہ شوہر کا اچانک انتقال ہو گیا تھا، اور وہ چاہتی تھیں کہ کوئی ایسی چیز ہمیشہ کے لیے محفوظ کریں جو ان کے شوہر کی یاد دلاتی رہے۔

latest urdu news

اینجیلیکا کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کے جسم پر موجود ایک ٹیٹو ان کے اور ان کے بیٹے کے لیے جذباتی اہمیت رکھتا تھا، اسی لیے انہوں نے یہ منفرد فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خیال انہوں نے بچپن میں سنا تھا اور شوہر کے ساتھ بھی اس بارے میں بات ہو چکی تھی، جس پر ان کے شوہر نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔

شوہر کی وفات کے بعد، ٹیٹو کی مخصوص جگہ کو مارکر سے نشان زد کیا گیا، اور تدفین سے پہلے ایک ماہر نے احتیاط سے جلد کے اس حصے کو نکال کر مخصوص "preservation kit” میں محفوظ کر لیا۔ اس پورے عمل میں تقریباً 90 دن لگے۔

بعدازاں، محفوظ شدہ کھال کو فریم کر کے اینجیلیکا کو واپس بھیجا گیا۔ ان کا کہنا ہے، "جب ہم یہ محسوس کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں، تو ہم فریم کو تھام لیتے ہیں۔ یہ کسی تصویر سے کہیں زیادہ بامعنی ہے۔”

اس منفرد اقدام پر سوشل میڈیا پر ملے جلے ردِعمل دیکھنے کو ملے۔ کئی صارفین نے اینجیلیکا کی ہمت کو سراہتے ہوئے اسے جذباتی وابستگی کا انوکھا اظہار قرار دیا، جبکہ بعض نے اس عمل کو "خوفناک”، "غیر روایتی” اور "بچوں کے لیے پریشان کن” کہا۔

کچھ افراد نے اسے سیریل کلر جیفری ڈامر سے تشبیہ دی، جو انسانی اعضا محفوظ کرنے کی شہرت رکھتا تھا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter