مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جو بالکل کسی جادوئی فلم جیسے لگتا ہے جیسا کہ "ہیری پوٹر” میں نظر آتا ہے، جہاں تصاویر حرکت کرتی ہیں۔
واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں شامل کیے گئے اس فیچر کو "موشن فوٹو” کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے آپ کسی عام تصویر کو متحرک بنا سکتے ہیں، یعنی وہ تصویر جس میں ساکت لمحات چند سیکنڈز کی ویڈیو کی صورت میں سامنے آئیں گے، بالکل iPhone کے Live Photo فیچر کی طرز پر۔
یہ فیچر تصویر کھینچنے سے چند سیکنڈ پہلے اور بعد کے لمحات کو محفوظ کرے گا، اور ان کو ایک منی ویڈیو کی شکل میں بدل دے گا، جس میں آواز بھی شامل کی جا سکے گی۔
استعمال کا طریقہ بھی آسان ہے:
- واٹس ایپ میں گیلری اوپن کریں
- اوپر بائیں کونے میں موجود موشن آئیکون پر کلک کریں
- اور تصویر کو جادوئی انداز میں متحرک بنا دیں!
یہ فیچر اس وقت صرف بیٹا صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، اور وہ بھی محدود تعداد میں۔ عمومی صارفین کے لیے یہ فیچر کب دستیاب ہوگا، اس کی کوئی حتمی تاریخ تو نہیں بتائی گئی، تاہم توقع ہے کہ جلد ہی تمام صارفین کو فراہم کر دیا جائے گا۔
اب صارفین کو تھرڈ پارٹی ایپس پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ صرف واٹس ایپ کے ذریعے ہی GIF یا موشن فوٹو تیار کی جا سکے گی، جو بات چیت کو مزید دلچسپ اور یادگار بنا دے گی۔