چین میں جڑواں بہنیں بچپن میں جدا ہو گئیں، برسوں بعد پہلے بہترین دوست بنیں اور پھر انہیں معلوم ہوا کہ وہ دراصل بہنیں ہیں، جذبات سے بھرپور کہانی وائرل۔
بیجنگ: چین میں ایک ایسی سچی کہانی وائرل ہو گئی ہے جس نے لاکھوں دلوں کو چھو لیا۔ یہ دو جڑواں بہنوں کی کہانی ہے جو پیدائش کے 10 دن بعد جدا ہو گئیں، بچپن الگ الگ خاندانوں میں گزارا، نوجوانی میں بہترین دوست بنیں — اور پھر انہیں پتا چلا کہ وہ دراصل بہنیں ہیں۔
یہ ناقابلِ یقین واقعہ Hebei کے شہر میں پیش آیا جہاں زینگ گاؤشین اور ہائی شیاؤ نامی یہ جڑواں بہنیں رہتی تھیں۔ ان کے غریب والدین مالی مشکلات کے باعث دونوں بچیوں کو گود دینے پر مجبور ہو گئے۔ شرط یہ تھی کہ دونوں خاندان ایک ہی شہر میں رہیں گے، مگر بچیوں کو ایک دوسرے کے بارے میں کچھ نہ بتایا گیا۔
17 سال کی عمر میں قسمت نے ایک نیا موڑ لیا۔ ہائی شیاؤ کو اسکول میں کسی نے بتایا کہ ایک قریبی دکان پر کام کرنے والی لڑکی کی شکل اس سے ہو بہو ملتی ہے۔ تجسس نے اسے وہاں پہنچایا، جہاں اس کی زینگ گاؤشین سے ملاقات ہوئی — اور پہلی ہی نظر میں دونوں کو ایسا محسوس ہوا جیسے برسوں سے ایک دوسرے کو جانتی ہوں۔
پہلے یہ ملاقات دوستی میں بدلی، پھر بہترین سہیلیاں بن گئیں۔ دلچسپ بات یہ کہ دونوں کی سالگرہ ایک ہی دن تھی، شکلیں، آواز، عادات، حتیٰ کہ بیماریوں کا ردعمل بھی یکساں تھا۔ مگر وہ اس راز سے لاعلم تھیں جو 14 ماہ بعد کھلا — کہ وہ سگی جڑواں بہنیں ہیں۔
یہ انکشاف گود لینے والے والدین نے کیا، جنہوں نے ابتدا میں یہ سچ چھپایا تاکہ کہیں بچیاں اصل والدین کی تلاش میں نہ نکل جائیں۔ لیکن جب حقیقت سامنے آئی، تو بہنوں کا رشتہ اور مضبوط ہو گیا۔
آج، ان کی ملاقات کو 20 سال گزر چکے ہیں۔ وہ ایک دوسرے کے پاس فلیٹس میں رہتی ہیں، ان کے بچے ہم عمر ہیں اور ایک ہی اسکول کی ایک ہی کلاس میں پڑھتے ہیں۔ ہائی شیاؤ کہتی ہیں کہ اکثر اسکول میں اساتذہ بھی ان دونوں کو پہچان نہیں پاتے۔
ان دونوں نے کبھی اپنے حقیقی والدین کو تلاش کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ان کا ماننا ہے کہ جنہوں نے انہیں پالا، وہی ان کے اصل والدین ہیں۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے لکھا:
"گزشتہ بیس سالوں کا ہر دن خوشیوں سے بھرا ہوا ہے۔ ہم نے ایک دوسرے کو پایا اور یہی ہماری اصل کہانی ہے۔”
یہ کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، اور دنیا بھر سے لوگ اسے انسانی جذبے، فطری کشش اور خاندانی رشتوں کی جیت قرار دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جڑواں بچوں کے جدا ہونے اور برسوں بعد دوبارہ ملنے کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، مگر زینگ گاؤشین اور ہائی شیاؤ کی کہانی اس لیے منفرد ہے کہ انہوں نے دوست بن کر پہلے دل کا رشتہ جوڑا، پھر خون کا رشتہ دریافت کیا۔