متحدہ عرب امارات میں ایک حیران کن اور نایاب واقعہ پیش آیا ہے، جہاں شارجہ میں پیدا ہونے والی بچی کے پیدائش کے صرف چھ دن بعد دانت نکل آئے۔ اس انوکھی صورتِ حال نے والدین کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔
مہرا عبد الرحمن نامی نومولود بچی کے والد نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنی بیٹی کے دانت دیکھے تو انہیں شدید حیرت ہوئی مگر ساتھ ہی بے حد خوشی بھی محسوس ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منظر دیکھنا اُن کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔
والد کے مطابق بچی کی صحت کی ڈاکٹروں کی جانب سے مکمل نگرانی کی جا رہی ہے، اور میڈیکل اسٹاف نے یقین دلایا ہے کہ مہرا بالکل صحت مند ہے اور کسی خطرے میں نہیں۔
ڈاکٹرز نے اس صورتحال کو نایاب طبی کیس قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس قسم کے دانتوں کو طبی زبان میں "ولادی دانت” (Natal Teeth) کہا جاتا ہے۔ یہ ایسے دانت ہوتے ہیں جو پیدائش کے فوراً بعد یا چند دن کے اندر نمودار ہو سکتے ہیں۔
میڈیکل ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ پیدائش کے فوراً بعد دانت نکلنا غیر معمولی واقعہ ہے، لیکن یہ زیادہ تر بے ضرر ہوتے ہیں اور عام طور پر بچے کی صحت کے لیے کوئی خطرہ نہیں بنتے۔ تاہم بعض صورتوں میں یہ چند نایاب طبی مسائل سے بھی منسلک ہو سکتے ہیں، جس کے باعث ڈاکٹروں نے بچی کی خصوصی نگرانی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مہرا کے والدین نے کہا کہ وہ اللہ کے شکرگزار ہیں کہ ان کی بیٹی صحت مند ہے اور اس کا یہ منفرد معاملہ پوری فیملی کے لیے حیرت اور خوشی کا باعث بنا ہوا ہے۔
