امریکی ریاست ایریزونا کے علاقے پریسکاٹ میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب 10 سال قبل گم ہونے والا موبائل فون دوبارہ ملا اور اب بھی کام کر رہا ہے۔
84 سالہ کیٹی الکین صحرا میں چہل قدمی کر رہی تھیں کہ انہوں نے ایک گرد آلود اور ریت سے ڈھکا ہوا فون دیکھا۔ پہلے تو انہوں نے سوچا کہ فون پڑوس میں رہنے والے ایک نوجوان کو دے دیا جائے جو الیکٹرونکس میں دلچسپی رکھتا ہے، لیکن پھر انہوں نے فیصلہ کیا کہ دیکھیں یہ فون ابھی بھی کام کر رہا ہے یا نہیں۔
کیٹی فون کو گھر لے گئیں اور پرانے چارجرز سے چارج کرنے کی کوشش کی۔ حیرت انگیز طور پر فون چارج ہونا شروع ہو گیا اور کچھ دیر بعد اسے آن کرنے پر فون بالکل ٹھیک کام کر رہا تھا۔
فون کے اندر موجود پیغامات اور کانٹیکٹس کے ذریعے کیٹی نے مالک کا پتہ لگانے کی کوشش کی۔ انہیں معلوم ہوا کہ فون کی مالک میڈی نامی خاتون تھی جو شکاگو میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتی ہے اور ہائیکنگ کا شوق رکھتی تھی۔ فون کے جائزے کے دوران کیٹی نے میڈی کے والد کا نمبر حاصل کیا اور چند دن کی کوشش کے بعد میڈی سے رابطہ قائم کر لیا۔
میڈی اس بات پر حیران رہ گئی کہ اس کا فون، جو 2015 میں صحرا کی ہائیکنگ کے دوران گم ہوا تھا، دوبارہ مل گیا ہے۔ فون کی بہترین حالت اور کام کرنے کی صلاحیت نے سب کو دنگ کر دیا، کیونکہ 10 سال سے زیادہ عرصے تک سخت صحرا کے ماحول میں رہنے کے باوجود بھی یہ فون خراب نہیں ہوا۔
یہ واقعہ ٹیکنالوجی کی پائیداری اور قسمت کی حیرت انگیز کہانی کے طور پر سوشل میڈیا پر بھی کافی مقبول ہوا۔
