والدین 10 سالہ بیٹے کو ایئرپورٹ پر اکیلا چھوڑ کر فلائٹ پر چلے گئے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارسلونا ایئرپورٹ پر والدین نے پاسپورٹ کے مسئلے پر 10 سالہ بیٹے کو تنہا چھوڑ دیا، پولیس نے مداخلت کی، تحقیقات جاری۔

بارسلونا: اسپین کے شہر بارسلونا کے جوزیپ تاردیلاس ایل پرات ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک اور حیران کن واقعہ پیش آیا، جب ایک غیر ملکی جوڑے نے اپنے 10 سالہ بیٹے کو محض اس لیے ایئرپورٹ پر تنہا چھوڑ دیا کہ اس کا پاسپورٹ ایکسپائر ہو چکا تھا اور ان کے پاس وقت نہیں تھا کہ وہ فلائٹ ضائع کریں۔ اس واقعے نے نہ صرف ایئرپورٹ اسٹاف کو چونکا دیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی شدید ردِعمل کو جنم دیا۔

latest urdu news

برطانوی اخبار دی سن کے مطابق، ایئر ٹریفک کنٹرول سے وابستہ ایک خاتون اہلکار، لیلیان، نے اس واقعے کی تفصیلات TikTok پر شیئر کیں۔ ان کے مطابق بچہ اسپین کا شہری تھا اور اسپینش پاسپورٹ پر سفر کرنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم نہ صرف اس کا پاسپورٹ ایکسپائر تھا بلکہ ویزا بھی موجود نہیں تھا، جس کے باعث ایئرپورٹ امیگریشن نے اسے سفر کی اجازت نہیں دی۔

بچے کے والدین، فلائٹ چھوٹنے کے خدشے کے باعث، بغیر کسی جھجک کے اُسے ایئرپورٹ پر تنہا چھوڑ کر جہاز میں سوار ہو گئے۔ وہ ایک رشتے دار کو فون کر کے بچے کو لینے کی ہدایت دے گئے اور خود بیرونِ ملک روانہ ہو گئے۔

جب ایئرپورٹ عملے کو بچہ تنہا ملا تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی، جس نے طیارے کے پائلٹ سے رابطہ کر کے والدین کی موجودگی کی تصدیق کی۔

واقعے پر ایئر ٹریفک کنٹرول اہلکار لیلیان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ ناقابلِ یقین ہے کہ کوئی ماں باپ محض ایکسپائر پاسپورٹ کی بنیاد پر اپنے بچے کو اکیلا چھوڑ کر چلے جائیں۔” پولیس نے والدین کو واپس بلوایا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ والدین پر کوئی قانونی کارروائی کی گئی یا ان کی قومیت کیا تھی۔

یاد رہے کہ یورپی ایئرپورٹس پر بچوں کے سفری دستاویزات کا مکمل اور درست ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، اور ایسی غفلت کو اکثر بچوں کے تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی ایسے واقعات پر والدین کو بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter