بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع سیتاپور میں ایک شہری نے ایسا دعویٰ کر دیا کہ سننے والے حیران رہ گئے۔ ضلع کے گاؤں لوڈھسا کے رہائشی میراج نامی شخص نے ضلعی مجسٹریٹ کے سامنے تحریری درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بیوی رات کو سانپ میں تبدیل ہو جاتی ہے اور اسے کاٹنے کے لیے دوڑتی ہے۔
یہ واقعہ ’سامادھان دیوس‘ (پبلک گریوانس ڈے) کے موقع پر پیش آیا، جہاں عام طور پر لوگ بنیادی مسائل جیسے بجلی، پانی، سڑک یا راشن کارڈ سے متعلق شکایات درج کرواتے ہیں، لیکن میراج کی شکایت سب سے مختلف نکلی۔ اُس نے دعویٰ کیا کہ بیوی نے ایک بار اسے کاٹا بھی ہے اور کئی بار وہ نیند سے جاگ کر حملے سے بچا ہے۔
ضلعی مجسٹریٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور پولیس کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ابتدائی طور پر معاملے کو ذہنی اذیت کے کیس کے طور پر لیا جا رہا ہے، تاہم حکام اس کی سنجیدگی سے چھان بین کر رہے ہیں۔
یہ عجیب و غریب شکایت جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، صارفین نے دلچسپ تبصرے کرنا شروع کر دیے۔
- ایک صارف نے لکھا: "کون جانے وہ اب تک کتنے لوگوں کو کاٹ چکی ہوگی؟”
- دوسرے نے طنز کرتے ہوئے پوچھا: "کیا تم نے اس کا ناگمنی کہیں چھپا رکھا ہے؟”
- ایک اور نے مذاق کیا: "تمہیں بھی ناگ بن جانا چاہیے، تب ہی بچو گے!”
میراج نے اپنی شکایت پر باقاعدہ تحریری درخواست بھی جمع کرائی ہے، جس میں اس نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور اسے تحفظ فراہم کیا جائے۔