بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں ایک حیرت انگیز اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے سات سال سے لاپتا شوہر کو انسٹاگرام کی ایک ریل ویڈیو میں دوسری عورت کے ساتھ شناخت کر لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جتیندر کمار نامی شخص کی 2017 میں مران نگر کی رہائشی شیلو سے شادی ہوئی تھی۔ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، لیکن اس کے بعد جتیندر اور اس کے اہلِ خانہ نے شیلو کو جہیز کے مطالبات پر ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ وہ سونے کی چین اور دیگر قیمتی سامان کا تقاضا کر رہا تھا۔
ان ہی دنوں میں، جتیندر اچانک لاپتا ہو گیا۔ اپریل 2018 میں اس کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کروائی گئی، لیکن کافی تلاش کے باوجود اس کا کچھ سراغ نہ ملا۔ اس دوران جتیندر کے خاندان نے الٹا شیلو کے خاندان پر اس کے قتل کا الزام بھی عائد کر دیا، جس کے بعد شیلو اپنے نومولود بیٹے کے ساتھ میکے منتقل ہونے پر مجبور ہو گئی۔
تاہم، حال ہی میں قسمت نے ایک عجیب موڑ لیا۔ شیلو انسٹاگرام استعمال کر رہی تھیں کہ ایک دن انہوں نے ایک ریل ویڈیو میں اپنے شوہر جتیندر کو کسی دوسری عورت کے ساتھ لدھیانہ میں دیکھ لیا۔ ویڈیو میں جتیندر بالکل واضح نظر آ رہا تھا، جس پر شیلو نے فوراً شناخت کر لی۔
شیلو نے دعویٰ کیا ہے کہ جتیندر نے دوسری شادی کر لی ہے اور اس وقت اسی عورت کے ساتھ لدھیانہ میں مقیم ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جتیندر کے اہلخانہ کو اس حقیقت کا علم تھا، لیکن انہوں نے اسے کبھی ظاہر نہیں ہونے دیا۔
پولیس کے مطابق، شادی کے تقریباً ایک سال بعد جتیندر بغیر اطلاع دیے گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا، اور اب جب شیلو نے اس کی حالیہ موجودگی کی تصدیق کر لی ہے، تو اس نے پولیس کو ایک نئی درخواست جمع کروا دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور جلد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔