زمین پر موجود مریخ کا پتھر لاکھوں ڈالر میں نیلامی کے لیے تیار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نیویارک میں دنیا کے سب سے بڑے مریخی شہابیے کی نیلامی کا اعلان، وزن 25 کلوگرام اور قیمت 20 سے 40 لاکھ ڈالر کے درمیان متوقع

نیویارک، مریخ سے آیا ہوا سب سے بڑا شہابیہ نیویارک میں نیلامی کے لیے پیش کر دیا گیا ہے، جس نے سائنسی دنیا کے ساتھ ساتھ نایاب اشیاء جمع کرنے کے شوقین افراد کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ نیویارک کے مشہور نیلام گھر سوتھبیز نے اعلان کیا ہے کہ "NWA 16788” نامی یہ شہابیہ 2025 میں ہونے والی سالانہ Geek Week Auction کا حصہ ہوگا، جس میں قدرتی عجائبات کی دیگر 122 اشیاء بھی شامل ہوں گی۔

latest urdu news

یہ پتھر نہ صرف سائز کے لحاظ سے منفرد ہے بلکہ قیمت کے لحاظ سے بھی حیران کن ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس شہابیے کی قیمت 20 لاکھ سے 40 لاکھ امریکی ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے۔ وزن میں یہ تقریباً 25 کلوگرام کا ہے، جو اسے زمین پر دریافت کیے گئے تمام مریخی پتھروں میں سب سے بڑا بناتا ہے۔ سوتھبیز کے مطابق، یہ مریخی مواد کا تقریباً 7 فیصد ہے جو اس وقت زمین پر موجود ہے۔

یہ شہابیہ نومبر 2023 میں نائیجر کے صحراؤں سے ایک ماہر فلکیاتی پتھر تلاش کرنے والے نے دریافت کیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پتھر مریخ پر کسی عظیم شہابیے سے ٹکرا کر خلا میں اچھلا اور تقریباً 14 کروڑ میل کا سفر طے کرنے کے بعد زمین پر آ گرا۔

سوتھبیز کی نیچرل ہسٹری کی وائس چیئرپرسن کیساندرا ہیٹن کے مطابق، اس پتھر کی تصدیق ایک لیبارٹری میں کی گئی، جہاں اس کی کیمیائی ساخت کا موازنہ 1976 میں مریخ پر اترنے والے وائکنگ مشن سے حاصل کردہ ڈیٹا سے کیا گیا، اور ثابت ہوا کہ یہ واقعی مریخی پتھر ہے۔

یہ شہابیہ ایک خاص چٹانی قسم اولیون مائکروگابرائک شیرگوٹائٹ سے تعلق رکھتا ہے، جو مریخ کی میگما کے آہستہ ٹھنڈا ہونے سے تشکیل پایا۔ اس میں پائروکسین اور اولیوین جیسے معدنیات شامل ہیں، جبکہ اس کی سطح شیشے جیسی چمکدار ہے، جو فضا سے گزرنے کے دوران اس کے جلنے کا ثبوت ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ دنیا میں اب تک 77 ہزار سے زائد شہابیوں کی شناخت ہو چکی ہے، مگر ان میں صرف 400 کا تعلق مریخ سے ہے۔ اس لحاظ سے NWA 16788 ایک نہایت نایاب اور سائنسی اہمیت کا حامل شہابیہ ہے۔

یاد رہے کہ: 2025 کی Geek Week نیلامی میں اس شہابیے کے ساتھ دیگر حیرت انگیز اشیاء بھی پیش کی جائیں گی، جن میں سیراٹوسورس ناسیکورنِس نسل کا مکمل ڈائناسور ڈھانچہ بھی شامل ہے، جس کی نیلامی کی قیمت 40 سے 60 لاکھ امریکی ڈالر تک لگائی گئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter