موسمِ گرما کا خاص تحفہ آم نہ صرف لذیذ ہوتا ہے بلکہ قوتِ مدافعت بڑھانے، ہاضمہ بہتر بنانے اور دل کی صحت کو مضبوط کرنے جیسے فوائد بھی رکھتا ہے۔ جانیں آَم کھانے کے سائنسی فوائد۔
موسمِ گرما کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں آَموں کی بہار آ جاتی ہے اور اس لذیذ پھل کی خوشبو ہی دل لبھانے کے لیے کافی ہوتی ہے۔ آَم کو یوں ہی پھلوں کا بادشاہ نہیں کہا جاتا، بلکہ اس کی غذائیت، ذائقے اور صحت بخش خصوصیات اُسے دیگر پھلوں سے ممتاز بناتی ہیں۔
آَم میں قدرتی مٹھاس کے ساتھ پروٹین، فائبر، وٹامن سی، وٹامن اے، وٹامن بی 6، وٹامن ای، فولیٹ، کاپر، پوٹاشیم، میگنیشیم اور کئی اہم غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں، جو جسم کو توانائی، مدافعت، بہتر ہاضمہ اور جلد کی تروتازگی فراہم کرتے ہیں۔ آَم میں موجود وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس خلیات کو نقصان دہ مواد سے تحفظ دیتے ہیں اور مدافعتی نظام کو متحرک کرتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق آَم کھانے سے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور قبض جیسے مسائل میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ آَم میں شامل پولی فینولز تکسیدی تناؤ (oxidative stress) کو کم کرتے ہیں، جو کینسر سمیت کئی دائمی بیماریوں کی وجہ بنتا ہے۔ اس کے علاوہ آَم دل، آنکھوں اور آنتوں کی صحت کے لیے بھی بہترین مانا جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آَم اگرچہ میٹھا ہوتا ہے، مگر اعتدال سے کھایا جائے تو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس سے بلڈ شوگر کی سطح بہتر رہتی ہے اور جسم میں انسولین کا اثر بھی متوازن ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق آَم کھانے سے پہلے پانی میں بھگونا مفید ہوتا ہے تاکہ اضافی حرارت کم ہو جائے۔
یاد رہے کہ آَم اپنی افادیت کے ساتھ اگر اعتدال سے کھایا جائے تو یہ جسمانی قوت، ذہنی تازگی اور بیماریوں کے خلاف قدرتی ڈھال فراہم کرتا ہے۔ تاہم، ہر فرد کی صحت مختلف ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی دائمی بیماری کی صورت میں آَم کھانے سے پہلے معالج سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔