امریکی ریاست مشی گن کی اسٹرلنگ ہائیٹس پبلک لائبریری میں ایک حیران کن دریافت اس وقت سامنے آئی، جب ایک رضاکار نے چندہ شدہ کتاب چیک کرتے ہوئے اس میں 72 سال پرانی شادی کی تصویر دیکھی۔ تصویر کے پشت پر "فرینک اینڈ جوزیفین رگریلو” کے نام درج تھے، جو جلد ہی اس جوڑے کو ڈھونڈنے کی ایک جذباتی مہم کا آغاز بنے۔
لائبریری انتظامیہ نے تصویر کو اپنے فیس بک پیج پر شیئر کیا، جو کئی دن بعد سارہ رگریلو کی نظر سے گزری۔ سارہ نے تصدیق کی کہ یہ تصویر ان کے دادا فرینک اور دادی جوزیفین کی ہے، جن کی شادی 26 ستمبر 1953 کو ڈیٹرائٹ میں ہوئی تھی۔
سارہ نے بتایا کہ یہ لمحہ ان کے خاندان کے لیے بے حد خاص تھا کیونکہ وہ اپنے دادا دادی سے گہری وابستگی رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تصویر میں دادا دادی کو اس روپ میں دیکھ کر یوں محسوس ہوا جیسے ماضی کا ایک انمول لمحہ واپس لوٹ آیا ہو۔ سارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ اب اس تصویر کو اپنے گھر کی دیوار پر آویزاں کریں گی تاکہ یہ یادگار لمحہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہے۔
یاد رہے کہ لائبریریوں میں اکثر ایسی یادگار اشیاء ملتی ہیں جو کتابوں کے ذریعے وقت کے دھارے میں کہیں چھپ جاتی ہیں، اور جب واپس آتی ہیں تو ماضی کو ایک نیا رنگ دے جاتی ہیں۔