کراچی کے پوش علاقے خیابان اتحاد میں موٹرسائیکل سوار نوجوان پر بہنوں کے سامنے تشدد کرنے والا شخص سلمان فاروقی گرفتار، پولیس نے واقعے کی ویڈیو کی مدد سے کارروائی کی، ملزم کو 24 گھنٹوں میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
کراچی،ڈیفنس کے علاقے خیابان اتحاد میں موٹرسائیکل سوار نوجوان پر اس کی بہنوں کے سامنے بہیمانہ تشدد کرنے والے مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ڈیفنس فیز 6 کے علاقے خیابان اتحاد میں ایک کار سوار شخص نے مبینہ طور پر موٹرسائیکل ٹکرانے پر نوجوان پر حملہ کر دیا، نوجوان کے ہمراہ اس کی دو بہنیں بھی موجود تھیں جو چیختی چلاتی رہیں اور ملزم سے منت سماجت کرتی رہیں، مگر سلمان فاروقی نے کسی کی ایک نہ سنی اور نوجوان پر مسلسل تشدد کرتا رہا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث شخص سلمان فاروقی کو گرفتار کر کے تھانہ گذری منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا نے بتایا کہ ملزم کے دفتر اور گھر پر چھاپے مارے گئے اور گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو 24 گھنٹوں میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی کے مطابق ملزم سے ابتدائی تفتیش جاری ہے اور واقعے کی ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان فاروقی نے اپنے گارڈز اور ڈرائیور کے ہمراہ شہری پر تشدد کیا۔ واقعے کا مقدمہ اس وقت وہاں موجود ایک شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس نے ویڈیو بھی بنائی تھی، جبکہ پولیس نے تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان سے بھی رابطے کی کوششیں شروع کر دی ہیں تاکہ مکمل قانونی کارروائی ممکن ہو سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں ایسے واقعات پہلے بھی رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں بااثر افراد نے شہریوں پر سڑکوں پر قانون ہاتھ میں لیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایک وائرل ویڈیو میں راجب بٹ نامی شخص کے خلاف شہری پر تشدد کا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے، جس کی مکمل تفصیل یہاں پڑھیں۔
تاہم اس بار سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس پر شدید دباؤ تھا کہ وہ فوری اور مؤثر کارروائی کرے، جو کہ عمل میں آئی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عدالتیں اس کیس میں کیا فیصلہ کرتی ہیں اور ملزم کو واقعی سزا ہوتی ہے یا یہ واقعہ بھی دیگر مقدمات کی طرح فائلوں میں دفن ہو جائے گا۔