کیلیفورنیا، انسٹاگرام نے کم عمر صارفین کو محفوظ رکھنے کے لیے نئے اور زیادہ سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ میٹا کی ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے "ٹین اکاؤنٹس” پر مزید پابندیوں کا اطلاق شروع کر دیا ہے، جن کا مقصد نوجوانوں کو نامناسب مواد سے بچانا ہے۔
میٹا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اب 18 سال سے کم عمر صارفین ایسے انسٹاگرام اکاؤنٹس کو فالو نہیں کر سکیں گے یا ان کا مواد نہیں دیکھ سکیں گے، جو بار بار غیر موزوں یا حساس مواد پوسٹ کرتے ہیں۔ ایسے اکاؤنٹس کو نوجوانوں کی ریکومینڈیشن لسٹ اور سرچ رزلٹس سے بھی ہٹا دیا جائے گا۔
میٹا کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کی مدد سے ان صارفین کی شناخت کی جا رہی ہے جو اپنی عمر چھپا کر ٹین اکاؤنٹس کی حدود سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس فیچر کو پہلے فیس بک اور میسنجر پر بھی متعارف کرایا جا چکا ہے۔
انسٹاگرام کی نئی پالیسی کے تحت کم عمر صارفین کو مخصوص سرچ اصطلاحات جیسے الکحل، منشیات یا دیگر حساس موضوعات پر سرچ کرنے سے روکا جائے گا۔
جیون ساتھی کی تلاش میں آسانی: میٹا کا فیس بک پر AI اسسٹنٹ متعارف کرانے کا اعلان
نئے فیچرز میں "لمیٹڈ کانٹینٹ سیٹنگ” بھی شامل ہے، جو والدین کو یہ اختیار دے گی کہ وہ اپنے بچوں کو نہ صرف مخصوص مواد دیکھنے سے روک سکیں بلکہ یہاں تک کہ وہ اپنی پوسٹس پر آنے والے کمنٹس کو بھی نہ دیکھ سکیں۔
میٹا ایک نیا رپورٹنگ ٹول بھی متعارف کروا رہا ہے جو والدین کو اپنے بچوں کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نگرانی کے مزید اختیارات دے گا۔ والدین ایسے مواد یا پوسٹس کو فلیگ کر سکیں گے، جنہیں وہ نامناسب سمجھتے ہیں، بشرطیکہ وہ پیرنٹل کنٹرول سیٹنگ کو فعال کیے ہوئے ہوں۔