جمعہ, 25 اپریل , 2025

میاں بیوی کی عمر میں کتنا فرق بہتر ہوتا ہے؟ سائنس کیا کہتی ہے؟

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

شادی کے لیے میاں اور بیوی کی عمر کے درمیان بہترین فرق کیا ہوتا ہے؟

بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ عمر میں زیادہ فرق سے رشتہ دیرپا بنتا ہے، تو کچھ افراد کم فرق کو بہتر سمجھتے ہیں۔ اگرچہ اس سوال کا کوئی ایک حتمی جواب نہیں، لیکن سائنسی تحقیقات نے اس حوالے سے اہم اشارے فراہم کیے ہیں۔

latest urdu news

عمر کا فرق ایک عدد ضرور ہے، لیکن شادی جیسے اہم رشتے میں کئی دیگر عوامل بھی کامیابی یا ناکامی کا باعث بنتے ہیں۔ مثلاً دونوں افراد کے اہداف، عادات، تعلیم، مالی حالات، خاندان سے تعلق، جذباتی ذہانت اور ایک دوسرے کی کمزوریوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت — یہ سب عوامل شادی کے معیار اور استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔

امریکا کی ایموری یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جوڑوں کی عمر میں جتنا زیادہ فرق ہوتا ہے، علیحدگی کا امکان بھی اتنا زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق نے بتایا کہ اگر میاں بیوی کے درمیان عمر کا فرق 1 سے 3 سال ہو تو شادی زیادہ خوش باش اور مستحکم رہنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے برعکس 7 سال یا اس سے زائد فرق پر وقت کے ساتھ تعلق میں اطمینان کم ہونے لگتا ہے۔

آسٹریلیا میں 2017 میں کی گئی تحقیق سے بھی یہی نتیجہ اخذ ہوا کہ جن جوڑوں میں عمر کا بہت زیادہ فرق ہو، ان کا رشتہ شادی کے ابتدائی 6 سے 10 سالوں میں خراب ہونے لگتا ہے۔ جبکہ ہم عمر یا قریبی عمر کے افراد طویل مدت تک بہتر تعلق قائم رکھنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

جنوبی کوریا کی ایک اور تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا کہ عمر کے فرق کا تعلق ذہنی صحت سے بھی ہے۔ ہم عمر جوڑوں میں ڈپریشن کی شرح کم پائی گئی، جبکہ تین یا اس سے زائد سال کے فرق والے رشتوں میں ڈپریشن کی شکایات کچھ زیادہ تھیں۔

تاہم، یہ بات یاد رکھنا ضروری ہے کہ دنیا کے مختلف معاشروں اور ثقافتوں میں اس حوالے سے خیالات مختلف ہیں۔ جیسے کہ فن لینڈ کے بعض علاقوں میں عمر کا زیادہ فرق مثالی سمجھا جاتا ہے، جبکہ کچھ معاشروں میں ہم عمری کو ترجیح دی جاتی ہے۔

آخرکار، نتیجہ یہی ہے کہ عمر کا فرق اگرچہ اہم ہے، لیکن محبت، ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کسی بھی رشتے کو کامیاب بنانے کے لیے بنیادی عناصر ہیں۔ سائنسی اعتبار سے 1 سے 3 سال کا عمر کا فرق شادی کے لیے بہتر سمجھا جا سکتا ہے، مگر اصل راز ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کا حوصلہ اور عزم ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter