یونان کا ڈیجیٹل ویزا حاصل کرنے کا طریقہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

یونان نے 2021 میں ڈیجیٹل نوماڈ ویزا متعارف کرایا، جس کا مقصد دنیا بھر کے فری لانسرز، ریموٹ ملازمین اور آن لائن کاروبار کرنے والوں کو یونان میں رہ کر کام کرنے کی سہولت دینا ہے۔ یہ ویزا خاص طور پر غیر یورپی یونین ممالک کے شہریوں کے لیے بنایا گیا ہے، جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

ڈیجیٹل نوماڈ ویزا ایک سال کے لیے جاری کیا جاتا ہے، جسے بعد میں دو سال تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ یہ ویزا اُن افراد کے لیے ہے جو کسی یونانی کمپنی کے لیے نہیں بلکہ بیرونِ ملک کمپنی یا کلائنٹس کے ساتھ ریموٹ کام کر رہے ہوں۔

latest urdu news

درخواست دہندہ کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور اسے ماہانہ کم از کم 3,500 یورو کی آمدنی کا ثبوت دینا ہوتا ہے۔ اگر بیوی یا بچے بھی ساتھ ہوں تو مزید آمدنی دکھانا ضروری ہے۔ ویزا کے لیے صاف جرائم ریکارڈ، نجی ہیلتھ انشورنس، اور رہائش کا ثبوت بھی درکار ہوتا ہے۔ پاکستانی شہری اگر سیاحتی ویزے پر یونان میں موجود ہوں تو وہ بھی مقامی طور پر درخواست دے سکتے ہیں۔

درخواست کے لیے تمام مطلوبہ دستاویزات انگریزی یا یونانی زبان میں ترجمہ شدہ اور ہاگ اپوسٹل سے تصدیق شدہ ہونی چاہئیں۔ اس میں پاسپورٹ، تصاویر، ریموٹ ملازمت کا ثبوت، بینک اسٹیٹمنٹس، انشورنس، کرایہ نامہ یا ہوٹل بکنگ، اور ایک بیان شامل ہے جس میں واضح کیا جائے کہ درخواست دہندہ یونانی کمپنی کے لیے کام نہیں کرے گا۔

درخواست کا عمل نسبتاً آسان ہے۔ تمام دستاویزات تیار کر کے اسلام آباد میں یونانی سفارتخانے یا وی ایف ایس گلوبل کے ذریعے جمع کروائی جاتی ہیں، جہاں سے اپوائنٹمنٹ لی جاتی ہے۔ درخواست فیس 75 یورو یعنی تقریباً 22,500 روپے ہے۔ فیصلہ آنے میں عموماً 10 سے 30 دن لگتے ہیں۔ ویزا ملنے کے بعد یونان جا کر ایک ماہ کے اندر اندر رہائشی کارڈ کے لیے رجسٹریشن کرانی ہوتی ہے۔

صرف 21 ہزار روپے میں یورپ کے خوبصورت ملک اسپین کا ویزا کیسے حاصل کریں؟

اس ویزا کے ذریعے پاکستانی شہری نہ صرف یونان میں کام اور قیام کر سکتے ہیں بلکہ انہیں شینگن زون کے 27 ممالک میں ویزا فری سفر کی سہولت بھی حاصل ہوتی ہے۔ اگر قیام 183 دن سے کم ہو تو کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوتا، جبکہ طویل قیام کی صورت میں سات سال تک 50 فیصد ٹیکس رعایت دی جاتی ہے۔

درخواست گزار اپنے اہل خانہ کو بھی ساتھ لے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ مطلوبہ اضافی آمدنی ثابت کریں۔ یونان میں ماہانہ رہائش اور اخراجات کا تخمینہ تقریباً 800 سے 1,500 یورو ہے۔ ایک سال بعد یہ ویزا رہائشی پرمٹ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور اگر مسلسل پانچ سال یونان میں رہا جائے تو مستقل رہائش اور سات سال بعد شہریت کے حصول کا امکان بھی موجود ہے، بشرطیکہ یونانی زبان سیکھی جائے۔

اگر ویزا مسترد ہو جائے تو درست دستاویزات کے ساتھ دوبارہ درخواست دی جا سکتی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے یونانی سفارتخانے یا حکومتِ یونان کی امیگریشن ویب سائٹ (migration.gov.gr) سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter