اگر کبھی آپ کا گوگل اکاؤنٹ ہیک ہو جائے یا آپ اپنا پاس ورڈ بھول جائیں، تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ یہ تجربہ کتنا پریشان کن ہوتا ہے۔ اکثر صارفین کئی گھنٹوں یا دنوں تک اکاؤنٹ ریکور کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، مگر کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی۔
تاہم اب گوگل نے صارفین کے اس مشکل کو حل کرنے کے لیے ایک نیا اور آسان ریکوری فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد اکاؤنٹ ہیکنگ سے بچاؤ اور ریکوری کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانا ہے۔
گوگل کی جانب سے متعدد نئے سیکیورٹی فیچرز متعارف کروائے جا رہے ہیں، جن میں سے ایک دلچسپ فیچر ریکوری کانٹیکٹس (Recovery Contacts) ہے۔ یہ فیچر مشہور گیم شو "کون بنے گا کروڑ پتی” کی طرز پر کام کرتا ہے، جہاں آپ کسی دوست سے مدد لے سکتے ہیں۔
اس فیچر کے تحت، صارفین اپنی گوگل اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر سیکیورٹی سیکشن میں ایک قابلِ اعتماد دوست یا فیملی ممبر کو ریکوری کانٹیکٹ کے طور پر ایڈ کر سکتے ہیں۔ اس کانٹیکٹ کو ایک ای میل موصول ہوگی جس میں انوائیٹ قبول کرنے کی درخواست ہوگی۔ ایک بار منظوری کے بعد، یہ کانٹیکٹ آپ کی شناخت کی تصدیق کر کے آپ کو اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی دلوانے میں مدد دے گا۔
اگر مستقبل میں اکاؤنٹ ہیک ہو جاتا ہے یا آپ پاس ورڈ بھول جاتے ہیں، تو "Ask your friend to help you sign in” کا آپشن ظاہر ہوگا۔ اس پر کلک کرنے سے آپ کا منتخب کردہ کانٹیکٹ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے آپ کی شناخت کی تصدیق کرے گا، اور اس کے بعد آپ کو اکاؤنٹ تک رسائی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ گوگل نے ایک اور سکیورٹی آپشن متعارف کرایا ہے جس کے تحت سابقہ ڈیوائس کے PIN یا پیٹرن کوڈ کے ذریعے بھی اکاؤنٹ کی ریکوری ممکن ہو گی۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر آپ کا اکاؤنٹ کسی نئی ڈیوائس پر کھولا جا رہا ہو تو پرانی ڈیوائس کی معلومات سے تصدیق کی جا سکے۔
اگرچہ یہ فیچر فی الحال محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم گوگل نے اعلان کیا ہے کہ یہ جلد ہی تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔