لندن: برطانیہ میں ایک ذہین اور ہوشیار خاتون نے الیکٹرک ٹوتھ برش سے جُڑی اسمارٹ فون ایپ کی مدد سے اپنے شوہر کی بے وفائی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ خاتون نے بچوں کی برشنگ عادت بہتر بنانے کے لیے ایپ کا استعمال شروع کیا، لیکن یہ معاملہ آخرکار ان کے شوہر کی وفاداری کے امتحان تک جا پہنچا۔
معروف نجی تفتیش کار پال جونز نے اس حیران کن کیس کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی کلائنٹ دو بچوں کی ماں نے جب ایپ کے ذریعے برشنگ ہسٹری چیک کی تو اسے معلوم ہوا کہ گھر میں موجود الیکٹرک ٹوتھ برش غیر معمولی اوقات میں استعمال ہو رہا ہے، وہ بھی ایسے وقت میں جب بچے اسکول میں اور شوہر مبینہ طور پر دفتر میں ہوتے ہیں۔
شروع میں خاتون نے اسے معمولی بات سمجھا، لیکن جب کئی مواقع پر جمعے کی صبح کو بھی برش استعمال ہونے لگا، تو انھیں شک ہوا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ بچے تو اسکول میں ہی ہوتے ہیں، لیکن شوہر کی موجودگی مشکوک دکھائی دی۔ مزید نگرانی پر معلوم ہوا کہ ان کے شوہر اس دوران گھر میں ہی موجود ہوتے تھے اپنی ایک خاتون ساتھی کے ساتھ۔
پال جونز کا کہنا تھا کہ اسمارٹ ڈیوائسز ہر سرگرمی کی ٹائم اسٹیمپ کے ساتھ ریکارڈ رکھتی ہیں، اور یہی ریکارڈ اس کیس میں فیصلہ کن ثابت ہوا ، جب دانت صاف کرنے کا وقت روزانہ صبح 9 کے بجائے ساڑھے 10 بجے دکھائی دے، تو سوال تو اٹھتا ہے۔‘‘
بالآخر خاتون نے انہی شواہد کی بنیاد پر شوہر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ یہ واقعہ اس بات کی ایک مثال ہے کہ آج کے دور میں اسمارٹ ٹیکنالوجی صرف سہولت ہی نہیں بلکہ سچ سامنے لانے کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔