مصر سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ اشرف مہروز، جنہیں "Kabonga” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے دنیا کو حیران کر دینے والا کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے دانتوں کی مدد سے 700 ٹن وزنی بحری جہاز کو کھینچ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ یہ مظاہرہ مصر کے ساحلی شہر غردقہ میں کیا گیا جہاں سیکڑوں افراد نے انہیں یہ کارنامہ سرانجام دیتے دیکھا۔
اشرف مہروز نے یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ مزید آگے بڑھتے ہوئے 1150 ٹن وزنی دو جہاز بھی دانتوں سے کھینچ ڈالے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "اللہ کا شکر ہے، میں نے ثابت کر دیا کہ دنیا کا مضبوط ترین انسان ہوں”۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کے اس کارنامے کی ویڈیوز اور تصاویر گنیز ورلڈ ریکارڈز کو ارسال کی جائیں گی تاکہ ان کا نام باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ میں شامل کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2018 میں 614 ٹن وزنی جہاز کو دانتوں سے کھینچنے کا ریکارڈ قائم کیا گیا تھا، جو اب اشرف کے دعوے کے مطابق ٹوٹ چکا ہے۔ مارچ 2025 میں بھی وہ 279 ٹن وزنی ٹرین کو 10 میٹر تک کھینچ کر عالمی ریکارڈ بنا چکے ہیں، جبکہ 3 سال قبل انہوں نے 15 ہزار 730 کلو وزنی ٹرک بھی دانتوں سے کھینچا تھا۔
اشرف مہروز کا جسمانی وزن 155 کلوگرام ہے اور وہ روزانہ 6 گھنٹے کی سخت تربیت کرتے ہیں۔ ان کی خوراک میں 12 انڈے، 2 مرغیاں، 5 کلو مچھلی اور پروٹین سے بھرپور دیگر غذائیں شامل ہیں۔ وہ کسی قسم کے سپلیمنٹس استعمال نہیں کرتے بلکہ مکمل نیند اور متوازن خوراک پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 9 سال کی عمر سے بھاری اشیاء اٹھا کر کمائی کرتے تھے اور وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے کنگفو، کک باکسنگ اور ریسلنگ کی تربیت بھی حاصل کی۔ اشرف اتنے طاقتور ہیں کہ ایک گاڑی کو صرف ایک انگلی سے دھکیل سکتے ہیں۔
اب اشرف کا اگلا ہدف ہے کہ وہ دانتوں سے ایک آبدوز کو کھینچیں، جس کے لیے وہ مصری حکومت سے اجازت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنی آنکھوں کے پٹھوں سے ایک طیارہ کھینچنے کا خواب بھی رکھتے ہیں۔