امریکا میں کی گئی ایک حالیہ طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ لِپ اسٹک، بلش اور فیک نیلز جیسی عام بیوٹی مصنوعات کا طویل عرصے تک استعمال خواتین میں جوانی کے بعد دمہ لاحق ہونے کے خطرے کو نمایاں حد تک بڑھا سکتا ہے۔
نیشنل ہارٹ، لنگ اینڈ بلڈ انسٹیٹیوٹ کے تحت 12 سالہ طویل تحقیق میں تقریباً 40 ہزار خواتین کا مشاہدہ کیا گیا، جس کے دوران معلوم ہوا کہ ہفتے میں 5 یا اس سے زائد بار میک اپ کرنے والی خواتین میں دمہ لاحق ہونے کا خطرہ 19 سے 22 فیصد تک زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق صرف بلش اور لپ اسٹک کا باقاعدہ استعمال دمہ کے خطرے کو 18 فیصد تک بڑھا دیتا ہے، جبکہ اگر فیک نیلز کا استعمال بھی شامل ہو تو یہ شرح 47 فیصد تک جا پہنچتی ہے۔
ماہرین کے مطابق بیوٹی مصنوعات میں شامل بعض کیمیکل جیسے Endocrine Disrupting Chemicals (EDCs) انسانی ہارمونل نظام میں خلل پیدا کرتے ہیں اور مدافعتی نظام کو بھی متاثر کر سکتے ہیں، جو سانس کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔
تحقیقی جریدے Environment International میں شائع اس رپورٹ میں شامل ماہرین نے نشاندہی کی کہ اگرچہ تحقیق سبب و اثر کا قطعی ثبوت پیش نہیں کرتی، تاہم اس میں ایک واضح تعلق سامنے آیا ہے۔
ماہرین نے تجویز کیا ہے کہ پرسنل کیئر مصنوعات میں استعمال ہونے والے کیمیکل اجزاء کی کڑی نگرانی اور ضابطہ کاری ضروری ہے تاکہ صارفین کو ممکنہ طبی نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔