بھارتی شہر ناگپور سے تعلق رکھنے والے ایک ایٹی کیٹ کوچ اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہیں، جب ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ طالبعلموں کو چمچ اور کانٹے سے سموسہ کھانے کا طریقہ سکھا رہے تھے۔
امول نامی کوچ نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی، جو بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خاص طور پر ایکس (سابق ٹوئٹر) پر خوب وائرل ہوئی۔ صارفین نے اسے بھارتی اسٹریٹ فوڈ کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے لیکچرز کھانے کی اصل خوشی اور ثقافت کو مسخ کر دیتے ہیں۔
ویڈیو میں امول انتہائی سنجیدہ انداز میں بتاتے دکھائی دیتے ہیں کہ کس طرح سموسے کو چاقو اور کانٹے کی مدد سے کاٹ کر کھانا چاہیے۔ تاہم، یہ ’مہذب انداز‘ سوشل میڈیا صارفین کو بالکل پسند نہ آیا۔
کئی صارفین نے اسے "غیر ضروری دکھاوا” اور "بے مقصد تربیت” کا نام دیا، جب کہ بعض نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر کوئی آپ کو اس طرح سموسہ کھلانے کی کوشش کرے، تو فوراً وہاں سے نکل جائیں!
View this post on Instagram
مزاحیہ میمز، تبصرے اور دیسی انداز میں سموسہ کھانے کی وکالت کرنے والی پوسٹس سے بھرپور ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ایک صارف نے کہا، "جب تک آپ کانٹے سے پہلا نوالہ اٹھائیں گے، چٹنی کب کی سوکھ چکی ہو گی!”
یہ پہلا موقع نہیں کہ اسنیکس کے آداب پر کوئی تنازع کھڑا ہوا ہو۔ اس سے قبل اگست میں دہلی کی ایک ایٹی کیٹ کوچ کو بھی پانی پوری کو چمچ اور کانٹے سے کھانے کی کوشش پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔