اضافی سامان نہ لے جانے دینے پر چینی سیاح کا ایئرپورٹ پر انوکھا احتجاج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اٹلی کے میلان ایئرپورٹ پر ایک غیر معمولی منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب ایک چینی خاتون سیاح کو اضافی سامان لے جانے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاجاً فرش پر لیٹ کر شور شرابہ شروع کر دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ایئرپورٹ حکام نے خاتون کو بتایا کہ ان کے سامان کا وزن مقررہ حد سے تجاوز کر گیا ہے، اس لیے یا تو وہ اضافی سامان کم کریں یا اضافی فیس ادا کریں۔ تاہم اس بات پر خاتون نے ردِعمل میں شدید غصے کا اظہار کیا اور احتجاجاً ایئرپورٹ کے فرش پر لیٹ گئیں اور زور زور سے چیخنے چلانے لگیں۔

latest urdu news

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون فرش پر لیٹی ہوئی ہیں، اردگرد ایئرپورٹ اسٹاف کھڑا ہے، اور دیگر مسافر حیرت زدہ نظروں سے یہ منظر دیکھ رہے ہیں۔

تاہم، خاتون کا یہ انوکھا احتجاج انہیں کچھ فائدہ نہ دے سکا۔ ایئرلائن نے اصولوں کے تحت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی، اور طیارہ ان کے بغیر ہی روانہ ہو گیا۔ بعد میں انہیں نئی ٹکٹ خرید کر اپنی اگلی پرواز کا بندوبست کرنا پڑا۔

ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ سامان کی حد ہر مسافر کے لیے یکساں ہے اور اس پر عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہوتا ہے۔

واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔ کچھ نے خاتون کے رویے کو غیر ضروری اور ڈرامائی قرار دیا، جبکہ کچھ افراد نے ایئرلائنز کی سخت پالیسیوں پر بھی تنقید کی۔

ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ مسافروں کو سفر سے پہلے سامان کی حد اور قواعد و ضوابط سے مکمل آگاہی حاصل کرنی چاہیے تاکہ ایسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

یہ واقعہ فضائی سفر کے دوران نظم و ضبط اور قواعد کی اہمیت کو ایک بار پھر نمایاں کر گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter