چین میں ایک ذہین پالتو طوطے نے صرف 33.5 سیکنڈ میں 10 مختلف رنگوں کی درست شناخت کرکے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
یہ کارنامہ شیاؤگوئی نامی طوطے نے انجام دیا، جو اپنے مالک چن فینگ کے مطابق شروع سے ہی رنگوں میں دلچسپی رکھتا تھا۔ اسی رجحان کو دیکھتے ہوئے چن فینگ نے اسے رنگوں کو پہچاننے اور انہیں مخصوص برتنوں میں ڈالنے کی تربیت دینا شروع کی۔
ریکارڈ قائم کرنے کے عمل کے دوران شیاؤگوئی کو 10 مختلف رنگوں کی اسٹرا بالز دی گئیں، جنہیں اسے ان کے مماثل رنگوں والے برتنوں میں رکھنا تھا۔
طوطے نے یہ کام نہایت مہارت سے انجام دیا، اگرچہ ایک موقع پر اس نے گہری گلابی گیند کو غلطی سے ہلکے گلابی برتن میں ڈال دیا، لیکن اس نے فوراً اپنی غلطی درست کر کے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کے مطابق شیاؤگوئی اس وقت دنیا کا سب سے تیز طوطا ہے جس نے اس کم ترین وقت میں 10 رنگوں کی کامیاب شناخت کی۔ یہ کارنامہ نہ صرف اس کی ذہانت کا ثبوت ہے بلکہ جانوروں کی تربیت کے حوالے سے بھی ایک مثالی کامیابی ہے۔
چن فینگ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ ریکارڈ مزید افراد کو جانوروں کی ذہانت کو سمجھنے اور ان کی تربیت پر توجہ دینے کی ترغیب دے گا۔