بٹ کوائن نے تاریخ کی بلند ترین سطح عبور کرلی، قیمت 1 لاکھ 22 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: دنیا کی سب سے بڑی اور مقبول کرپٹو کرنسی بٹ کوائن نے پیر کے روز نئی تاریخ رقم کر دی، جب اس کی قیمت 1 لاکھ 22 ہزار 571.19 امریکی ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

یہ کرپٹو مارکیٹ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس نے نہ صرف سرمایہ کاروں بلکہ مالیاتی ماہرین کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔

latest urdu news

تجارتی تجزیہ کاروں کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں یہ تیزی کئی مثبت عوامل کی وجہ سے دیکھنے میں آ رہی ہے، جن میں ادارہ جاتی سرمایہ کاری میں اضافہ، مارکیٹ میں مضبوط طلب، اور مستقبل میں قیمتوں میں مزید اضافے کی توقعات شامل ہیں۔ آئی جی مارکیٹس کے تجزیہ کار ٹونی سائکومور نے کہا کہ یہ ایک "دھماکہ خیز اور طاقتور اضافہ” رہا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے بٹ کوائن آسانی سے 1 لاکھ 25 ہزار ڈالر کی سطح کو بھی عبور کر سکتا ہے۔

اس وقت بٹ کوائن معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد 1 لاکھ 21 ہزار 952.61 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا ہے، جو کہ اب بھی 2.4 فیصد یومیہ اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔ 2025 کے آغاز سے اب تک بٹ کوائن کی مجموعی قیمت میں 29 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے، جس کا اثر دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں پر بھی واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری بڑی کرپٹو کرنسی ایتھریم بھی اس اضافے سے متاثر ہوئی ہے، جو پیر کے روز 3,048.23 ڈالر کی 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچی، اور بعدازاں 3,036.24 ڈالر پر ٹریڈ کرتی دیکھی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی نئی بلندی، وزیراعظم کا اظہار مسرت

ماہرین کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن کی قیمت میں اس حالیہ تیزی کے پیچھے ایک اور اہم عنصر امریکی سیاسی منظرنامے میں کرپٹو کے حق میں بڑھتی ہوئی حمایت ہے۔ خاص طور پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خود کو "کرپٹو صدر” قرار دینا، اور کرپٹو انڈسٹری کے لیے واضح اور سہل ریگولیٹری فریم ورک کا مطالبہ، مارکیٹ کو اعتماد فراہم کر رہا ہے۔

امریکی ایوانِ نمائندگان میں جلد ہی کرپٹو کرنسی سے متعلق متعدد ریگولیٹری بلز پر بحث ہونے والی ہے، جو اس صنعت کے مستقبل کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ بلز صنعت کے حق میں منظور ہو جاتے ہیں، تو کرپٹو مارکیٹ مزید بلندیاں چھو سکتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter