ٹیکساس میں خاتون نے سابق منگیتر سے بغیر اطلاع و رضامندی شادی رجسٹر کرادی، سرٹیفکیٹ دیکھ کر مرد کے ہوش اُڑ گئے، پولیس نے خاتون کو گرفتار کر لیا۔
ٹیکساس، شادی زندگی کا حسین ترین لمحہ سمجھی جاتی ہے، مگر امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جس نے "بغیر شادی کے شادی” جیسے نایاب تصور کو حقیقت میں بدل دیا۔
42 سالہ شخص اس وقت ششدر رہ گیا جب اسے گھر بیٹھے ایک میرج سرٹیفکیٹ موصول ہوا، حالانکہ وہ نہ کسی تقریب کا حصہ بنا، نہ ہی نکاح کی کوئی رسم ادا ہوئی۔ حیرت انگیز طور پر یہ سرٹیفکیٹ اس کی 36 سالہ سابق منگیتر کرسٹین میری نے اس کی رضامندی کے بغیر سرکاری طور پر جمع کرایا تھا۔
ذرائع کے مطابق، دونوں نے 2 جون 2025 کو میرج لائسنس تو حاصل کیا تھا، لیکن کچھ ہی دن بعد ان کا رشتہ ختم ہو گیا۔ خاتون نے علیحدگی کے باوجود مرد کی غیر موجودگی میں دستاویزات مکمل کر کے شادی رجسٹر کرا دی۔
جب مرد کو اچانک قانونی طور پر "شوہری درجہ” دیا گیا تو اس نے فوراً پولیس سے رجوع کیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراسانی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
اس دلچسپ لیکن سنجیدہ معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے پولیس چیف نے کہا: "23 سالہ سروس میں کبھی ایسا واقعہ نہیں دیکھا کہ کوئی انسان اپنی ہی شادی سے بے خبر ہو!”
یہ بھی پڑھیں: جیف بیزوس کی شادی پر دنیا حیران، وینس میں احتجاج، دلہن کے لباس پر تنقید
اس واقعے نے نہ صرف مقامی پولیس کو الجھن میں ڈال دیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے۔ لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر ایک شخص کی رضامندی کے بغیر شادی ممکن ہے تو کیا ازدواجی قوانین میں اصلاح کی ضرورت نہیں؟
یاد رہے کہ امریکہ میں شادی کے لیے میرج لائسنس کے بعد دونوں فریقین کی رضامندی، دستخط اور بعض صورتوں میں ذاتی موجودگی بھی ضروری ہوتی ہے۔ اس حیران کن واقعے نے قانونی نظام میں ممکنہ کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے، اور کیس اب عدالت میں زیرِ سماعت جا سکتا ہے۔