ایپل اپنی سالانہ پراڈکٹ لانچ روایت میں نمایاں تبدیلی کرنے جا رہا ہے اور رپورٹس کے مطابق 2026 میں کمپنی پہلی بار فولڈایبل آئی فون پیش کرے گی۔ اس تبدیلی کے تحت آنے والے سال میں صرف آئی فون 18 پرو ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کو مؤخر کیا جائے گا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ملازمین پر دباؤ کم کرنے اور کمپنی کی آمدنی بڑھانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2026 میں آئی فون 18 پرو کے ساتھ ایپل کی پہلی فولڈایبل ڈیوائس سامنے آئے گی، جسے حالیہ برسوں میں ایپل کی سب سے بڑی ٹیکنالوجیکل پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ فولڈایبل آئی فون کے بارے میں توقع ہے کہ اس میں اندرونی ڈسپلے کیمرہ، لچکدار OLED اسکرین اور بہتر بیٹری کے ساتھ ایک طاقتور نئے پراسیسر کا استعمال کیا جائے گا۔ اس فون کا سائز ممکنہ طور پر 7.9 سے 8.3 انچ کے درمیان ہو سکتا ہے، جبکہ اسے ہزاروں بار فولڈ کرنے سے بھی نقصان نہ پہنچنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
آئی فون 17 اب بغیر مارک اپ، آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کریں، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی نئی سہولت
دیگر ماڈلز، جن میں آئی فون 18، آئی فون 18 ایئر اور آئی فون 18 ای شامل ہیں، 2027 کے مارچ اور مئی کے درمیان مارکیٹ میں آنے کی توقع ہے۔ ایپل عام طور پر ہر سال ستمبر میں نئے آئی فون لانچ کرتا ہے، جبکہ SE یا دیگر خاص ماڈلز سال کے آغاز میں متعارف کرائے جاتے ہیں۔
قیمت کے حوالے سے حتمی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم ابتدائی رپورٹس میں فولڈایبل آئی فون کی قیمت 2100 سے 2500 ڈالر کے درمیان ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ نئی ڈیوائس ایپل کی پراڈکٹ لائن میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔
