تنزانیہ میں ایک غیرمعمولی اور نادر واقعہ پیش آیا جہاں ایک 44 سالہ شہری کے سینے میں تقریباً آٹھ سال سے پھنسا ہوا چاقو نکالا گیا۔
مریض کو کسی بھی قسم کا شدید درد یا سانس لینے میں تکلیف محسوس نہیں ہوئی تھی، تاہم اس کے سینے کی دائیں جانب سے پیپ خارج ہونے پر اس نے ہسپتال کا رخ کیا۔
ڈاکٹروں نے جب ایکس رے کیا تو سینے کے اندر ایک بڑا چاقو پایا گیا جو اس کے دائیں کندھے کی ہڈی میں داخل تھا۔ حیرت انگیز بات یہ تھی کہ چاقو نے کسی اہم عضو کو نقصان نہیں پہنچایا تھا، جس کی وجہ سے مریض کو ابتدائی طور پر کسی خاص تکلیف کا احساس نہیں ہوا تھا۔
مریض نے بتایا کہ تقریباً آٹھ سال قبل ایک پرتشدد جھگڑے کے دوران وہ زخمی ہوا تھا اور اس وقت صرف ابتدائی طبی امداد دی گئی تھی۔ چونکہ زخم کی شدت زیادہ نہیں تھی، اس لیے اس وقت کوئی ایکسرے نہیں کروایا گیا۔
بعد ازاں ڈاکٹروں نے مریض کا آپریشن کیا جس میں چاقو کو احتیاط سے نکالنے کے ساتھ ساتھ مردہ بافتوں اور پیپ کی صفائی بھی کی گئی۔ مریض نے آپریشن کے بعد 24 گھنٹے آئی سی یو میں گزارے اور پھر عمومی وارڈ میں 10 دن داخل رہا۔
طبی جرنل میں شائع ہونے والے اس نادر کیس کو ڈاکٹروں نے انتہائی منفرد اور حیران کن واقعہ قرار دیا ہے۔