تامل ناڈو، بھارت میں ایک انوکھے اور جذباتی واقعے نے سب کو حیران کر دیا، جہاں ایک مرے ہوئے والد کو بیٹے کی شادی میں شامل ہوتے دیکھا گیا۔
بھارتی ریاست تمل ناڈو کے کرشنگری ضلع کے ماتھر کے قریب ایک شادی میں دلہا کے مرحوم والد کو آسمان سے اترتے ہوئے دکھایا گیا، جس نے تقریب میں موجود افراد کو جذباتی کر دیا۔
یہ منظر حقیقت میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تخلیق کیا گیا تھا، جس کے ذریعے دلہا کے آنجہانی والد کو شادی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا کے والد آسمان سے نیچے آتے ہیں، اپنی اہلیہ اور بیٹوں سے ملاقات کرتے ہیں، کھانے میں شریک ہوتے ہیں اور پھر دوبارہ آسمان کی جانب لوٹ جاتے ہیں۔
یہ جذباتی منظر دیکھ کر حاضرین اشکبار ہو گئے، کیونکہ اس لمحے نے سب کے دلوں کو چھو لیا۔
رپورٹس کے مطابق دلہا کے والد شادی سے قبل انتقال کر گئے تھے، لیکن بیٹے نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے انہیں اپنی شادی میں "شامل” کر کے ایک یادگار لمحہ تخلیق کیا۔
یہ ویڈیو نہ صرف جذباتی تھی بلکہ اے آئی کے مثبت استعمال کی ایک نئی مثال بھی بنی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو خوب سراہا اور اسے ایک خوبصورت اور انوکھا اقدام قرار دیا۔