گوگل کی مقبول سروس کے اختتام کا وقت قریب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے لیس چیٹ بوٹ "جیمنائی” اب اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں "گوگل اسسٹنٹ” کی جگہ لینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اس پیش رفت کے ساتھ، گوگل اسسٹنٹ کا دور ختم ہونے کو ہے۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اینڈرائیڈ فونز میں گوگل اسسٹنٹ کی جگہ جیمنائی کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔

ایک بلاگ پوسٹ میں وضاحت کی گئی کہ رواں سال کے دوران صارفین کے لیے یہ تبدیلی متوقع ہے اور آئندہ چند ماہ میں گوگل اسسٹنٹ کو جیمنائی سے بدلنے کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

سال کے آخر تک بیشتر موبائل ڈیوائسز پر گوگل اسسٹنٹ کی رسائی محدود ہو جائے گی یا یہ ایپ اسٹورز پر دستیاب نہیں ہوگا۔

کمپنی کے مطابق، اس تبدیلی کا دائرہ ٹیبلیٹس، گاڑیوں اور فون سے جڑی دیگر ڈیوائسز جیسے ہیڈ فونز تک بھی وسیع کیا جائے گا۔

گوگل نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی، اور تب تک گوگل اسسٹنٹ کام کرتا رہے گا۔

بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ گوگل اسسٹنٹ کو مکمل طور پر ختم کرنے سے پہلے، کمپنی ”جیمنائی“ کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی کمی محسوس نہ ہو۔

گوگل اسسٹنٹ کی جگہ ”جیمنائی “کو دینا حیران کن نہیں کیونکہ کمپنی نے پہلے ہی پکسل9 اسمارٹ فون میں اسے ڈیفالٹ ورچوئل اسسٹنٹ کے طور پر متعارف کرا دیا تھا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter