کراچی کے علاقے کلفٹن میں ٹریفک حادثے میں ایم کیو ایم کی ممبر قومی اسمبلی رعنا انصار کا بیٹا شاہ زیب نقوی جان کی بازی ہار گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے جوان بیٹے شاہ زیب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ کلفٹن انڈر پاس کے قریب صبح سویرے پیش آیا، جب گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے بے قابو ہوکر قلابازی کھا کر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں شاہ زیب موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا دوست الیاس زخمی ہوگیا۔
شاہ زیب، بیگم رعنا انصار اور مرحوم سینئر صحافی سید انصار علی نقوی کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا۔ حادثے کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد متوفی کی میت کو ورثا کے حوالے کردیا۔
اس المناک حادثے پر وزیراعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کیا اور رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہونے کا پیغام دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی اپنے تعزیتی پیغامات میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔