گجرات، آوارہ کتوں کے حملے میں دو سالہ بچے کی ہلاکت پر ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کا متاثرہ خاندان سے اظہار افسوس۔
ریلوے اسٹیشن کے قریب آوارہ کتوں کے حملے سے دو سالہ بچے کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، انکی فوری مالی امداد بھی کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تحصیلدار گجرات عامر عدنان گوندل نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لواحقین اور علاقہ مکینوں سے ابتدائی معلومات حاصل کیں۔
ڈپٹی کمشنر اور ضلع انتظامیہ کے افسران بچے کے جنازے میں بھی شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرے گی اور ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
فوری طور پر متعلقہ یونین کونسل کے سینٹری سپروائزر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کے ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، سینٹری سپروائزر نصراللہ کنگ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ والدین کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران 1363 آوارہ کتوں کی نسل کشی کی گئی ہے۔