سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں عمر کی رعایت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
سندھ حکومت نے سرکاری نوکریوں میں دی جانے والی عمر کی رعایت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ملازمتوں کے لیے دی جانے والی 15 سال کی عمر کی رعایت اب یکم جنوری 2025 سے ختم ہو جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد نوکریوں کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد میں مزید کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
چند ماہ پہلے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں ہزاروں نوکریاں دینے کا اعلان کیا تھا۔ بدین میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے بتایا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد حکومت نے نوکریوں کی فراہمی شروع کی، اور اب تک گریڈ 16 سے اوپر کی 16 ہزار سے زائد نوکریاں فراہم کی جا چکی ہیں۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ کچھ جماعتوں کو سندھ کی ترقی ہضم نہیں ہوئی، جس کے باعث ان جماعتوں نے عدالت سے اسٹے آرڈر لے لیا۔
مراد علی شاہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ عدالت سے بار بار نئی تاریخیں ملتیں رہیں، لیکن انہوں نے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ایل بی او ڈی اسپائنل آر ڈی کے تحت پرانے قدرتی پانی کے راستے بحال کر دیے گئے ہیں، جس سے بدین، سانگھڑ، میرپور خاص، اور نواب شاہ کی زمینیں سیلاب سے محفوظ رہیں گی۔