افتتاحی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک، ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اطہر لطیف سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اس موقع پر کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کیے اور کہا کہ حکومت پنجاب کے اس پروگرام کے تحت صوبے بھر کے پانچ لاکھ کسانوں کو 75 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع گجرات کے 18 ہزار رجسٹرڈ کسانوں کو مرحلہ وار کارڈ جاری کیے جائیں گے، جس کے تحت فی ایکڑ 30 ہزار روپے تک بلا سود قرضہ دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ کسان کارڈز کے اجرا کے لیے ضلع گجرات میں 3 مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں محکمہ زراعت اور پنجاب بینک کے افسران کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کر رہے ہیں۔
ہر کسان کو پانچ ایکڑ تک کا ڈیڑھ لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا، جس سے وہ زرعی ادویات، کھاد، بیج اور دیگر ضروریات پوری کر سکیں گے۔
انہوں نے حکومت پنجاب کی گرین ٹریکٹر اسکیم کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت کسانوں کو ٹریکٹر خریدنے کے لیے 10 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
اس اسکیم سے زمینداروں کو جدید زرعی آلات حاصل کرنے میں مدد ملے گی، جس سے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور ملک میں زرعی انقلاب کی بنیاد رکھی جائے گی۔