سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور دیگر کا نام ای سی ایل لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔
راسخ الہی اور زارا الہی کا نام بھی ای سی ایل لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں سرکاری وکیل کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، جسٹس شمس محمود مرزا نے توہین عدالت کی درخواستوں کے متعلق کیس کی سماعت کی۔
واضح رہے کہ اس معاملے پر ایک درخواست جمع کرائی گئی تھی جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود نام پاسپورٹ اور ای سی ایل لسٹ سے نہیں نکالا جارہا۔
درخواست میں عدالت سے یہ استدعا کی گئی تھی کہ عدالت افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا حکم دے، عدالت کی جانب سے سرکاری وکیل کی رپورٹ کی روشنی میں درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی سمیت صوبے کی دیگر جامعات کے وائس چانسلر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی منظوری کے بعد پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی، ڈاکٹر محمد علی شاہ کی بطور وائس چانسلر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ڈاکٹر شاہد منیر وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ڈاکٹر امجد شجاع یونیورسٹی آف گجرات، ڈاکٹر عنایت اللہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا، ڈاکٹر عامر اعظم خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلرز تعینات ہوئے۔