مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی پوری توجہ پی ٹی آئی کے جلسوں پر مرکوز ہے۔
پشاور، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پوری توجہ پنجاب میں تحریک انصاف کے جلسوں پر مرکوز ہے۔
اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام کا سمندر اگلے ہفتے میانوالی کا رخ کرے گا، جعلی حکومت تاخیری حربے ضرور استعمال کرے گی مگر جلسے کو کبھی ناکام نہیں کرسکے گی۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی پوری توجہ پنجاب میں تحریک انصاف کے جلسوں پر مرکوز ہے، روزانہ پنجاب پولیس کے اجلاس بلا کر حکمت عملی بناتی ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے شدید خوف کا شکار ہیں۔
بیرسٹر سیف کا یہ کہنا تھا کہ جعلی حکومت میانوالی جلسے کی ناکامی کی کوشش کرے گی، جتنا بھی زور لگا لیں سابق وزیراعظم عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے، جنون کا راستہ روکنا جعلی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جو آئی پی پیز پاکستانیوں کی ہیں انہیں دباؤ میں لایا جاسکتا ہے، غیر ملکی کمپنیوں کو پریشرائزڈ کرنا بے حد مشکل ہے۔
رہنما عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ کیپسٹی پیمنٹ بارے معاملہ عمران خان کے دورمیں ری نیگوشیٹ ہوچکا ہے، شہبازشریف حکومت آئی پی پیز کے حوالے سے صرف دکھاوے کی باتیں کررہی ہے، اسٹیٹ آئی پی پیز کے حوالے سے حقیقی اقدامات نہیں کررہی، جب یہ معاہدے کر رہے تھے تب انہیں کیپسٹی پیمنٹ کا سوچنا چاہیے تھا، معاہدوں کے دوران بہت غلطیاں کی گئیں۔