پاکستان اور مصر کا امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے علاقائی کشیدگی کم کرنے، امن و استحکام کی بحالی اور سفارتی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

latest urdu news

پاکستان اور مصر نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد دوبارہ شروع کرنے اور خطے میں جاری کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے جاری کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔

پاکستان اور مصر کا سفارتی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات پر باہمی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک کی جانب سے یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ کی صورتحال خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے اور مختلف سطحوں پر کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

مصری وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو جلد مصر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کو مزید آگے بڑھانے کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔

اسحاق ڈار کی سعودی وزیر خارجہ سے بھی گفتگو

دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور رابطوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی حمایت میں صدر ٹرمپ کے الفاظ کو سراہتا ہوں، شہباز شریف

دونوں رہنماؤں نے مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر بھی گفتگو کی۔

استنبول اجلاس کی مفاہمت پر بھی بات چیت

پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے استنبول اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔

گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ علاقائی اور عالمی سطح پر سامنے آنے والے اہم معاملات پر ایک دوسرے سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔

پاکستان گزشتہ کچھ عرصے کے دوران علاقائی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل پر زور دیتا رہا ہے۔ مصر اور سعودی عرب کے ساتھ حالیہ اعلیٰ سطحی رابطے بھی اسی سفارتی مشاورت کا حصہ ہیں۔

موجودہ صورتحال میں پاکستان، مصر اور سعودی عرب کے درمیان مشاورت کو اس لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter