پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت تاحال یقینی نہیں، ان کی حتمی دستیابی کا فیصلہ میڈیکل کلیئرنس کے بعد کیا جائے گا۔
بابر اعظم گزشتہ ہفتے پاکستان اور سلیکٹ الیون کے درمیان 3 روزہ پریکٹس میچ کے دوران انگلی پر تیز گیند لگنے کے باعث میچ ادھورا چھوڑ گئے تھے۔ طبی عملے نے احتیاطی طور پر انہیں مزید کھیلنے سے روک دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق بابر اعظم کے ہاتھ پر ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ گیند لگی ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگنے کے باعث تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اگرچہ بابر اعظم کو لیڈز میں قومی ٹیم کے ہمراہ ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، تاہم پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انگلینڈ کے دورے میں بابر اعظم کو میڈیا سے دور رکھنا چاہیے: راشد لطیف
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بابر اعظم کھیلیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ میچ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم کرے گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہوگا۔
