جہلم: عالمی یوم انسدادِ تمباکو نوشی کے موقع پر ضلعی ہیلتھ اتھارٹی جہلم کے زیرِ اہتمام ڈی ایچ ڈی سی جہلم میں آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں تمباکو نوشی اور اس کی دیگر اقسام کے مضر اثرات سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ہیلتھ آفیسر جہلم ڈاکٹر جواد احمد اور پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر نثار خالد نے کہا کہ تمباکو نوشی دل، پھیپھڑوں اور کینسر سمیت متعدد جان لیوا بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے تمباکو کے استعمال کے خلاف مسلسل آگاہی مہمات ضروری ہیں۔
مقررین نے کہا کہ محکمہ صحت تمباکو سے پاک معاشرے کے ہدف کے حصول کے لیے اپنی آگاہی سرگرمیوں کو جاری رکھے گا اور نوجوان نسل کو اس مضر عادت سے بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
جہلم کے صحافی ابرار سندھو کے بھائی اور چچا خاندانی تنازع پر فائرنگ میں جاں بحق، دو بچے زخمی
اس موقع پر منعقدہ واک میں محکمہ صحت کے افسران، طبی عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور تمباکو نوشی کے خلاف پلے کارڈز اور پیغامات کے ذریعے آگاہی پھیلائی۔
مزید برآں ضلع جہلم کے تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت میں بھی اسی مناسبت سے سیمینارز اور واکس کا اہتمام کیا گیا، جن کا مقصد عوام، خصوصاً نوجوانوں کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہ کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا تھا۔
