پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید توسیع کرتے ہوئے نیا نوٹم جاری کردیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا۔
نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ طیارے بدستور پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکیں گے۔ پابندی کا اطلاق بھارتی سول اور فوجی دونوں اقسام کے طیاروں پر ہوگا، جبکہ بھارتی ایئر لائنز کی پروازیں بھی پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں رکھیں گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق پابندی میں توسیع کا اطلاق 19 مئی صبح 10 بج کر 40 منٹ سے ہوچکا ہے، جو 24 جون صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔
پاکستان کی فضائی حدود بھارتی طیاروں کیلئے مزید ایک ماہ بند، نوٹم جاری
حکام کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران کوئی بھی بھارتی رجسٹرڈ یا بھارتی کمپنی کے زیرِ انتظام پرواز پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ بھارتی طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی پابندی گزشتہ برس نافذ کی گئی تھی۔
