حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا کر دیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا اور یہ نرخ آئندہ ایک ہفتے تک مؤثر رہیں گے۔
اعلامیے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل 15 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کے بعد 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب مٹی کے تیل کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 41 روپے 80 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 318 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومت پیٹرول کو آمدن کا ذریعہ بنا چکی ہے، عوام پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن
ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر عائد لیوی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول پر لیوی 103 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر کر دی گئی، جبکہ ڈیزل پر لیوی 28 روپے 69 پیسے سے بڑھا کر 42 روپے 60 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی کی صورتحال اور حکومتی مالیاتی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں یہ رد و بدل کیا گیا ہے۔
