عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے حالیہ تنازع پر اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے اور ہراسانی و استحصال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کیا ہے۔
تنازع کی نوعیت
حال ہی میں سابق ماڈل ماہ نور رحیم نے ہانیہ عامر کو ایک پروڈیوسر کی دوست ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا، جن پر ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں اور اداکارہ کا نام بھی زیرِ بحث آیا۔
اداکارہ کی وضاحت
ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کی اسٹوری کے ذریعے وضاحت دی کہ انہیں اس معاملے کا کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی وہ اس میں کسی طور شامل تھیں۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ: "میں ہراسانی، استحصال اور کسی بھی ایسے رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس رکھتی ہوں جو خواتین اور لڑکیوں کی حفاظت اور وقار کو متاثر کرے۔ یہ سنجیدہ مسائل ہیں جنہیں ہمیشہ احترام اور سنجیدگی کے ساتھ دیکھا جانا چاہیے۔”
ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی چھپ کر ڈانس کرتے ہوئے وائرل ویڈیو
متاثرہ خواتین کی حمایت
اداکارہ نے مبینہ طور پر متاثرہ خواتین کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے خواتین اور بچیوں کے لیے محفوظ ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے متعلقہ فرد سے خود کو دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور کسی کے اعمال کو دوسرے سے منسلک نہیں کیا جانا چاہیے۔

پیغام اور مؤقف
ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ ان کی وابستگی ہر صنعت اور کمیونٹی میں جوابدہی، احترام اور محفوظ ماحول کے فروغ کے لیے ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ نقصان دہ رویوں کو چیلنج کریں، بولنے والوں کی حمایت کریں اور ایسے معیارات قائم رکھیں جو خواتین اور لڑکیوں کے وقار کا تحفظ کریں۔
