سابق وفاقی وزیر ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد فوری طور پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، جہاں ان کی ایک بند شریان میں کامیاب طور پر اسٹنٹ ڈال دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق طبیعت خراب ہونے پر وہ چیک اَپ کے لیے اسپتال گئے تھے، تاہم معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ دل کی ایک شریان بند ہو چکی ہے، جس پر ڈاکٹروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اینجیو پلاسٹی کے ذریعے اسٹنٹ ڈال دیا۔ بروقت طبی مداخلت کے باعث کسی بڑی پیچیدگی سے بچاؤ ممکن ہوا۔
علاج کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا ہے اور گھر پر مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے خود بتایا کہ وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صحت یاب ہو کر گھر واپس آ چکے ہیں۔
عمران خان کے علاج اور اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت کا مطالبہ:خواجہ سعد رفیق
اس موقع پر ان کے چھوٹے بھائی اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر اہلِ خانہ بھی اسپتال میں موجود تھے۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
