وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے مجوزہ فورس کوئی سیاسی ونگ نہیں ہوگی، اور جیسے ہی عمران خان رہا ہوں گے، یہ فورس خود بخود ختم کر دی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ پارٹی احتجاجی حکمت عملی پر نظرثانی کر رہی ہے اور رمضان المبارک کے بعد نئی حکمت عملی کے ساتھ دوبارہ میدان میں آیا جائے گا۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں احتجاج کے حوالے سے مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ "بانی پی ٹی آئی رہائی فورس” دراصل اسٹریٹ موومنٹ کے تناظر میں قائم کی جائے گی، جس میں شمولیت کے لیے باقاعدہ رکنیت دی جائے گی اور اراکین سے حلف بھی لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فورس میں شامل ہونے کے لیے کوئی مخصوص سیاسی عہدہ ضروری نہیں ہوگا اور عام شہری بھی اس کا حصہ بن سکیں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان
شفیع جان نے اس تاثر کی تردید کی کہ یہ اقدام کسی خفیہ سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق احتجاج ختم کرنے کے لیے کسی قسم کا بیک ڈور رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی کسی سے کوئی خفیہ مفاہمت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان کی رہائی کے لیے ایک خصوصی فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں اس اقدام پر بحث شروع ہوگئی تھی۔ صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام آئینی اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔
