آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اور گلوکار اے آر رحمٰن نے لیجنڈری پاکستانی قوال نصرت فتح علی خان سے اپنی ملاقات کو زندگی کا غیر معمولی اور روحانی تجربہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات ان کے لیے کسی خواب کی تعبیر سے کم نہ تھی۔
برطانوی نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اے آر رحمٰن نے کہا کہ نصرت فتح علی خان سے ملنا گویا ایک طویل عرصے سے طے شدہ منزل کو پانے کے مترادف تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شروع سے ہی استاد نصرت کی آواز، انداز اور روحانیت سے بے حد متاثر تھے اور ان سے ملاقات ان کی دلی خواہش تھی۔
رحمٰن کے مطابق انہیں نصرت فتح علی خان کے ساتھ ایک گیت ریکارڈ کرنے کا نادر موقع بھی ملا، جو ان کے کیریئر کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہے۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ریکارڈنگ کے تقریباً ایک ماہ بعد ہی یہ عظیم فنکار اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مختصر وقت میں بھی انہوں نے جو سیکھا، وہ ان کے لیے انمول سرمایہ ہے۔
اے آر رحمان کی اہلیہ سے طلاق پر بچوں نے بھی خاموشی توڑ دی
اے آر رحمٰن نے نصرت فتح علی خان کی فنی عظمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آواز میں ایک ایسی روحانی کیفیت تھی جو سننے والوں کو کسی اور ہی دنیا میں لے جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نصرت صرف ایک گلوکار نہیں بلکہ ایک روحانی قوت تھے، جن کی موسیقی سرحدوں اور زبانوں کی قید سے آزاد تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض ملاقاتیں انسان کی زندگی کا رخ بدل دیتی ہیں، اور نصرت فتح علی خان سے ان کی ملاقات بھی انہی میں سے ایک تھی۔ رحمٰن کے بقول، یہ لمحہ آج بھی ان کے دل و دماغ میں تازہ ہے اور وہ اسے اپنی فنی اور روحانی سفر کا اہم سنگِ میل سمجھتے ہیں۔
